• news

صدر کی شہری کو رقم واپس کرنے کی ہدایت، بنک کی اپیل مسترد کر دی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بنک فراڈ سے متاثرہ شہری کو  3لاکھ 44ہزار چھ سو روپے واپس کرنے کی ہدایت کر دی۔ اس حوالے سے انہوں نے بنکنگ محتسب کا حکم برقرار رکھتے ہوئے ایک نجی بنک کی اپیل کو مسترد کر دیا ہے۔ بدھ کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ بنک کے صارف کے اکاؤنٹ سے 344,602 روپے دھوکہ دہی سے نکالے گئے۔. بنک نے صارف کی رضامندی کے بغیر فنڈ منتقلی سہولت کھول کر بدانتظامی کا ارتکاب کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بلااجازت آن لائن فنڈ ٹرانسفر سہولت کھولنے کی وجہ سے صارف کو نقصان اٹھانا پڑا۔ علاوہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے دن کے موقع پر پیغام میں کہا کہ  فلسطینی کاز کیلئے پاکستان کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہوں۔ پاکستان نے فلسطینی عوام کی جائز جدوجہد کی ہمیشہ حمایت کی ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق فلسطینیوں کے ناقابل تنسیخ حق ِخودارادیت کا حامی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن