تحریک طالبان پاکستان کے پاس غیر ملکی اسلحہ کی موجودگی خطہ کیلئے بڑا خطرہ
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) تحریک طالبان پاکستان کے پاس غیرملکی ساختہ اسلحہ کی موجودگی سے خطے کیلئے بڑا خطرہ پیدا ہو گیا ہے، مگر حالیہ دہشتگردی کی لہر نے ایک بڑے خطرے کو جنم دیا ہے۔ افغانستان میں موجود ٹی ٹی پی کے دہشتگرد افغان طالبان کے بھرپور تعاون اور جدید غیر ملکی ساختہ اسلحے کی باآسانی دستیابی کی وجہ سے پاکستان میں دہشتگردی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ حالیہ دہشتگردی کی خاص بات ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں کی دسترس میں غیر ملکی ساختہ جدید اسلحہ کی فراوانی ہے۔ اس حوالے سے گزشتہ روز جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنا پر آپریشن کے دوران 8 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے جدید غیر ملکی اسلحہ جس میں امریکی ساختہ ہتھیار بھی برآمد ہوئے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ افغانستان میں چھوڑا ہوا امریکی اسلحہ غیر محفوظ ہے اور ٹی ٹی پی کو ایک منظم طریقہ کار کے تحت پاکستان میں بدامنی پھیلانے کیلئے مسلط کیا گیا ہے۔ حالیہ دہشتگردی کی وارداتوں کا ذکر کیا جائے تو پشاور، لکی مروت، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹی ٹی پی نے امریکی ساختہ اسلحے سے حملے کئے جو کہ ٹی ٹی پی کی عسکری قوت میں اضافے کا باعث بنے۔ اگست 2021ء میں افغانستان سے امریکی انخلاء کے بعد 7.12 ارب ڈالرمالیت کا جدید امریکی اسلحہ افغانستان میں چھوڑ دیا گیا۔ بلوچ لبریشن آرمی نے بھی انہی ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے فروری 2022ء میں نوشکی اور پنجگور اضلاع میں ایف سی کیمپوں پر حملے کیا۔ 12 جولائی 2023ء کو ڑوب گیریژن پر ہونے والے حملے میں بھی ٹی ٹی پی کی جانب سے غیر ملکی اسلحے کا استعمال کیا گیا۔ 6 ستمبر 2023ء کو جدید ترین ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں کے ایک بڑے گروپ نے چترال میں دو فوجی چیک پوسٹوں پر حملہ کیا۔ عالمی برادری کو افغانستان میں موجود کثیر مقدار میں غیر ملکی اسلحہ اور دہشت گرد تنظیموں کا نوٹس لینا ہوگا۔