لطیف کھوسہ درست کہہ رہے، علی ظفر بھی سچے: علیمہ خان
اسلام آباد (وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ) سینئر قانون دان سردار لطیف کھوسہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے حوالہ سے اپنے بیان اور علی ظفر کے اعلان سے متعلق سوال کے جواب میں کہاکہ جو عمران خان نے کہا وہ میں نے آ کر بتایا، اگر انہیں کچھ اور بتایا ہے تو وہ سنتے رہیں میں کیا کہہ سکتا ہوں۔ بیرسٹر گوہر اور علی ظفرکے درست نہ کہنے سے متعلق سوال کے جواب میں لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ وہ درست کہہ رہے یا نہیں لیکن میں ٹھیک کہہ رہا ہوں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کے دوران لطیف کھوسہ اور علی ظفر میں صحیح کون ہے کے سوال پر کہنا تھا کہ لطیف کھوسہ درست کہہ رہے ہیں علی ظفر بھی سچے ہیں، علی ظفر بھی یہی کہہ رہے ہیں آپ نے درست نہیں سنا، لطیف کھوسہ اور علی ظفر دونوں درست ہیں۔ علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں انٹرا پارٹی الیکشنز کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی کور کمیٹی نے انٹرا پارٹی انتخابات کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس کے دوران بطور عبوری چیئرمین نامزدگی پر بیرسٹر گوہر علی خان کو مبارکباد پیش کی گئی۔ انٹرا پارٹی انتخابات اور جماعتی امور کی انجام دہی کیلئے بیرسٹر گوہر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔