بھیرہ میں سالے کو قتل کرکے بہنوئی کی خودکشی
بھیرہ (نامہ نگار) سالے کو قتل کرکے خودکشی کرلی۔ تفصیلات کے مطابق حویلی شیخ ممتاز الہی پراچہ محلہ پراچگاں کے امجد الہی پراچہ کی ہمشیرہ (س) کی شادی بھلوال کے ملک عبداللہ سے ہوئی تھی جو مبینہ طور پر ایک سال سے ناراض ہو کر میکے آ گئی تھی اور ان کے درمیان سامان وغیرہ کی واپسی کا دعوی عدالت میں زیر سماعت تھا۔ مقتول عبداللہ نے مبینہ طور پر مقتول امجد کے گھر آ کر بچوں کی واپسی کا تقاضا کیا جس پر اس کا اپنی بیوی سے جھگڑا ہو گیا۔ جس دوران امجد الہی پراچہ بھی گھر آ گیا تو مبینہ طور پر ملک عبداللہ نے اس پر فائرنگ کر کے خود کو بھی گولی مار لی جس سے دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ مقتولین کی نعشیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھیرہ منتقل کر دی گئی ہیں۔ مقتول امجد 5 اور مقتول ملک عبداللہ 2 بچوں کا باپ تھا۔