ضمانتیں خارج کرنے کیخلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستیں، جلد سماعت کیلئے منظوری
لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ نے07 مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتیں خارج کرنے کے خلاف درخواستوں کو جلد سماعت کے لیے دائر درخواستیں منظور کر لی ہیں۔ عدالت کی رجسٹرار آفس کو چیئرمین پی ٹی آئی کی ساتوں عبوری ضمانت کی درخواستیں مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلیمان صفدر عدالت پیش ہوئے، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے دہشت گردی عدالت سے ضمانتیں خارج کرنے کے اقدام کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ عدالت نے عدم پیشی پر ضمانتیں خارج کر دی تھیں، لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ چیئر مین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتیں خارج کرنے کے خلاف درخواستوں کی جلد سماعت کی جائے۔