29 ارب روپے ریکور لیسکو نے بجلی چوری روکنے کیلئے پولیس، مجسٹریٹ کے اختیارات مانگ لئے
لاہور اسلام آباد نوشہرہ ورکاں گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر+ نمائندگان نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید316 بجلی چور پکڑے گئے جن میں سے 191کے خلاف مقدمات درج کرا دئیے گئے۔ ترجمان کے مطابق تکیہ جموں شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے میں کنکشن کو 300,000 روپے، شاہدرہ ٹاؤن کے ہی علاقہ میں ایک اور کنکشن کو 240,000روپے، فیروزوالا کے علاقے میں کنکشن کو 200,000 روپے ، مجید کالونی مصطفی ٹاؤن کے علاقے میں ایک کنکشن کو 150,000روپے چارج کیے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق82 روز سے جاری آپریشن کے دوران کل31423 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن میں سے 15100 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ 31046کنکشنز کے خلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں۔ بجلی چوروں کو اب تک 5کروڑ 29لاکھ 36ہزار 781یونٹس چارج کئے گئے جن کی مالیت 2ارب 97کروڑ 13لاکھ 9 ہزار 963روپے بنتی ہے۔ لیسکو نے بجلی چوری کے خلاف اقدامات کے لیے اپنی پولیس اور مجسٹریٹ کے اختیارات مانگ لیے۔ چیئرمین لیسکو بورڈ حافظ نعمان کے مطابق انہوں نے وفاقی حکومت سے درخواست میں تجاویز پیش کی ہیں، پنجاب حکومت سے لیسکو کے لیے تھانے مختص کرانے، لیسکو کی اپنی پولیس اور مجسٹریٹ کے اختیارات دینے کی تجویز بھی دی ہے۔ حافظ نعمان کے مطابق لیسکو نے وفاقی حکومت کو سمری بھجوا دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی چوروں کے خلاف 70 ہزار سے زائدکیسز کا فوری فیصلہ کیا جائے گا، بجلی چوری اور اووربلنگ کے خاتمے کے لیے سمارٹ میٹرنگ کا منصوبہ شروع کیا ہے، سمارٹ میٹرنگ سے لائن مین اور میٹر ریڈر کا منفی کردار بھی ختم ہوجائے گا۔ گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) میں نادہندگان کے خلاف ریکوری مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے، ماہ نومبر میں 1068 نادہندگان سے 6کروڑ 89لاکھ روپے سے زائد روپے وصول کئے گئے۔ حالیہ آپریشن کے دوران گیپکو نے23ہزار سے زائد نادہندگان سے 40کروڑ روپے سے زائد کی وصولی کر لی۔ تفصیلات کے مطابق وزارت توانائی کے احکامات کی روشنی میں گیپکو میں نادہندگان کے خلاف ریکوری مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے ۔ چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب کی ہدایت پر تمام آپریشن سرکلز کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز کی زیرنگرانی ایکسین اور ایس ڈی او حضرات سٹاف کے ہمراہ فیلڈ میں ڈیفالٹرزسے ریکوری میں مصروف ہیں۔ گذشتہ ایک ماہ کے دوران گیپکو ریجن بھر کے تمام اضلاع میں ٹیموں نے ڈور ٹو ڈور جاکر بلوں کی ادائیگی کی چیکنگ کی اور 1068 نادہندگان سے6کروڑ 89لاکھ روپے سے زائد کی وصولیاں کیں۔ چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب نے ڈیفالٹرز کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے ذمہ واجب الادا واجبات کو جلد از جلد جمع کروائیں بصورت دیگر واجبات کی عدم ادائیگی پر ان کے بجلی کنکشن کاٹ دیئے جائیں گے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ یہ بھی چیک کیا جائے کہ بجلی کاٹنے کے بعد ڈیفالٹرز نے ہمسایوں یا کسی اور ذرائع سے بجلی تو حاصل نہیں کررکھی۔ نیز ایسی صورت حال میں ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائے جائے۔ ایکسیئن گیپکو ڈویژن نوشہرہ ورکاں محسن علی اور ایس ڈی او فہد حسین نے ڈی ایس پی سرکل نوشہرہ ورکاں چوہدری محمد نواز ورک اور ایس ایچ او تھانہ تتلے عالی محمد ریاض گوندل کے ہمراہ کوٹلی منسو میں بجلی چوروں کے خلاف بڑا آپریشن کیا اور آٹھ افراد کو ڈائریکٹ کنڈے لگا کر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا اور ان کے خلاف فوجداری مقدمات کے لئے استغاثہ جات تھانہ تتلے عالی بھجوا دیئے ہیں۔ گیس چوری کے خلاف کریک ڈاو¿ن میں پنجاب، خیبر پختونخواہ اور اسلام آباد میں مزید 216 گیس کنکشن منقطع،287انڈر بلنگ کیسز اندراج/پروسیس کئے گئے اور 6کروڑ 90لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کئے ہیں۔ سوئی ناردرن ٹاسک فورس کا گیس چوروں اور غیر قانونی استعمال میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن، ملوث افرد کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ ایک کروڑ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔ سوہان میں گیس چوری میں ملوث ہوٹل کے مالک کیخلاف ایف آئی آر درج کر کے ملزمان کو ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا گیا۔ سوئی گیس اسلام آباد کے ترجمان شاہد اکرم کے مطابق گیس چوری اور غیر قانونی ہتھکنڈوں میں ملوث افراد کے خلاف آخری غیر قانونی کنکشن منقطع کرنے تک آپریشن جاری رہے گا۔