نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کی زیر صدارت کمانڈ اینڈسٹاف کانفرنس
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈسٹاف کانفرنس کا نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کانفرنس کے دوران قومی سلامتی، جیو سٹریٹجک امور، جنگی تیاریوں اور جوانوں کی تربیت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کی وجہ سے خطے میں پیدا ہونے والی بحری صوتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور موجودہ صورتحال میں پاکستانی بحری تجارتی جہازوں کی حفاظت کے لئے پاک بحریہ کے جہاز کی تعیناتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران پاک بحریہ کے متعدد پراجیکٹس پر جاری پیش رفت بشمول مستقبل کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نیول چیف نے پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مستقل جنگی تیاریوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے جدیداثاثوں اور ٹیکنالوجی کے حصول کے ذریعے صلاحیتوں میں اضافے کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا اورملکی بحری سرحدوں کی حفاظت میں درپیش میری ٹائم چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی اعلیٰ آپریشنل تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس پاکستان نیوی کا اعلیٰ فیصلہ سازفورم ہے جس میں چیف آف دی نیول اسٹاف کی سربراہی میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاک بحریہ کی پالیسیوں اور منصوبوں کا جائزہ لیتے ہیں۔