نواز شریف کی فوری بریت، لاڈلہ ہونے میں کوئی شک رہ گیا؟: پرویز الٰہی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویزالٰہی نے لاہور میں ضلع کچہری اور ایف آئی اے سپیشل سنٹرل کورٹ میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف کی فوری بریت کے بعد بھی ان کے لاڈلے ہونے میں کوئی شک باقی رہ گیا ہے؟۔ لاڈلے نوازشریف اور شہبازشریف عوامی عدالت میں اپنے کرتوتوں کا حساب دینے کیلئے تیار رہیں، اس بار قوم انہیں الیکشن میں آٹے دال کا بھاؤ یاد کروا دیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب کا خزانہ سیاسی عیاشیوں پر اڑانے والے نگران بچوں کیلئے قرانی سپارے نہیں چھاپ رہے، شہر کی خوبصورتی کے نام پر انڈر پاسز میں لگی ہوئی ٹائلیں توڑ کر نئی قیمتی ٹائلیں لگانے پر 4ارب روپے سے زیادہ ضائع کیے، میں نے تحفظ ختم نبوتﷺ کے حوالے سے اور طلبا کو سپاروں کی فراہمی کیلئے بجٹ میں فنڈز مختص کر رکھے تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ مہنگائی کے شہنشاہ شہبازشریف کو الیکشن میں لگ پتہ جائے گا۔ دریں اثناءپنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں عدالت نے سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کے جوڈیشل ریمانڈ میں14 روز کی توسیع کر دی۔ دوبارہ 14 دسمبر کو پیش ہوں گے۔ چودھری پرویز الٰہی کو14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر پولیس نے اڈیالہ جیل سے ضلع کچہری لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد کے روبرو پیش کیا گیا۔