سب وقت پر ہو گا، انتخابی شیڈول 8 فروری سے 54 دن پہلے، چیف الیکشن کمشنر
اسلام آباد (وقائع نگار) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ الیکشن شیڈول کا اعلان 8 فروری سے 54 دن قبل ہو گا۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ حلقہ بندیاں شائع ہو چکیں باقی سب کچھ اپنے وقت پر ہو گا۔ ہم سب کچھ اپنے وقت سے پہلے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن شیڈول، آر اوز اور ڈی آر اوز کی تعیناتی بھی وقت پر ہو گی۔ اس موقع پر صحافی نے چیف الیکشن کمشنر سے سوال کیا کہ انتخابی شیڈول کب جاری ہو گا؟۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے جواب دیا کہ 8 فروری سے پیچھے 54 دن کا حساب لگا لیں۔ صحافی نے سوال کیا کہ آر اوز اور ڈی آر اوز عدلیہ یا بیوروکریسی سے لیں گے؟۔ اس پر چیف الیکشن کمشنر نے مسکراتے ہوئے نو کمنٹس کا جواب دیا۔ اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی 3 سیٹیں عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی تیاریاں جاری ہیں۔ الیکشن کمشن کا اسلام آباد کا انتخابی پلان تیار ہوگیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت 3 حلقوں میں تقسیم کیا۔ این اے 46 ،این اے 47 این اے 48 میں تقسیم کیا گیا ہے۔