ڈجکوٹ: قرض سے پریشان خاوند نے بیوی، 3بیٹیوں کو مارکر خودکشی کرلی
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) فیصل آباد میں قرض سے پریشان شخص نے بیوی اور تین بیٹیوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔ واقعہ نواحی قصبے ڈجکوٹ میں پیش آیا۔ مقامی پولیس کے مطابق ڈجکوٹ کے نواح سے میاں بیوی اور تین بیٹیوں کی لاشیں ملی۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ گھریلو حالات اور قرض سے پریشان شخص طاہر نے بیوی اور بیٹیوں کو نیندآور گولیاں کھلا دیں، بیوی بچے بیہوش ہوگئے تو ملزم نے ہتھوڑے مار کر ان کو قتل کر دیا جس کے بعد طاہر نے خود بھی زہریلی گولی کھا کر خودکشی کر لی۔ مقتولہ لڑکیوں کی عمریں 11 سال، 16 سال اور 18 سال کے قریب بتائی جاتی ہیں۔ پانچوں کی لاشیں ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے تحریر چھوڑی جس میں قرض ادا نہ کر سکنے کی وجہ سے خود کو اور بچوں کو ہلاک کرنے کا بیان لکھا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔