• news

ہائیکورٹ: جسمانی ریمانڈ نہ دینے کیخلاف درخواست پر پرویز الٰہی‘ محمد خان بھٹی کو نوٹس

لاہور (خبر نگار) سپیشل جج انٹی کرپشن کے ڈیوٹی جج نے پرویز الہی اور دیگر کیخلاف رنگ روڈ ایکٹینشن منصوبے کی منظوری کے معاملہ پر کیس میں سابق وزیراعلی پرویز الٰہی کی بیوی قیصرہ الہی، بیٹا راسخ الہی اور بہو زاہرا الٰہی کی عبوری ضمانت پر سماعت کی۔ فاضل عدالت نے قیصرہ الٰہی، راسخ الٰہی اور زاہرا الٰہی کی عبوری ضمانت میں 20 دسمبر تک توسیع کر دی۔ قیصرہ الہی، راسخ الہی اور زاہرا الہی حاضری کیلئے عدالت میں پیش ہوئے۔ سابق وزیر اعلی کی بیوی قیصرہ الہی، بیٹا راسخ الہی اور بہو زاہرا الہی نے عبوری ضمانت دائر کر رکھی ہے۔ عدالت نے اینٹی کرپشن کو ملزمان کی گرفتاری سے روک رکھا ہے۔ دائر درخواست ضمانت میں کہا گیا کہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے جھوٹا مقدمہ بنایا گیا۔ پرویز الہی اس مقدمہ سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔ جبکہ ایف آئی آر کے مطابق پرویز الہی نے اپنی اراضی کو فائدہ پہنچانے کے لیے رنگ روڈ ایکٹینشن منصوبے کی منظوری دی۔لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعلی چوہدری پرویز الٰہی اور سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کا جسمانی ریمانڈ نہ دینے کیخلاف درخواست پر چوہدری پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی کو نوٹس جاری کر دیئے۔ عدالت نے حکومتی درخواست پر سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کردی۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شہرام سرور چوہدری نے حکومتی درخواست پر سماعت کی۔ پنجاب حکومت نے چوہدری پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی کا جسمانی ریمانڈ نہ دینے کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع کیا جس میں کہا گیا کہ اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹر لاہور نے 26 جنوری 2023 کو محمد خان بھٹی سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ چوہدری پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے دونوں ملزمان کا ریمانڈ دینے سے انکار کردیا۔ چوہدری پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی سے انٹی کرپشن حکام نے تفتیش کرنا ہے۔ دونوں ملزمان نے ماتحت عدالت میں ضمانت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔ ضمانت منظور ہونے سے کیس کی تفتیش متاثر ہوگی۔ عدالت سے استدعا ہے کہ ماتحت عدالت کو ضمانت کی درخواستوں پر کارروائی روکنے کا حکم دے اور جوڈیشل مجسٹریٹ کا جسمانی ریمانڈ نہ دینے کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔

ای پیپر-دی نیشن