روز ویلٹ ہوٹل نیویارک کی نجکاری‘ مالیاتی مشیر کی تقرری کی منظوری
اسلام آباد (خبر نگار) نجکاری کمشن بورڈ نے وفاقی وزیر برائے نجکاری/ بورڈ کے چیئرمین فواد حسن فواد کی زیر صدارت اجلاس میں روز ویلٹ ہوٹل، نیویارک، امریکہ کی نجکاری/جوائنٹ وینچر ڈویلپمنٹ کے لیے مالیاتی مشیر کی تقرری کی منظوری دی۔ دیگر فیصلوں میں، بورڈ نے نندی پور پاور پلانٹ (این پی پی) اور گڈو پاور پلانٹ (جی پی پی)کو کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے ذریعے نجکاری پروگرام سے ڈی لسٹ کرنے کے علاوہ پی آئی اے سی ایل کی نجکاری سے متعلق مالیاتی خدمات کے معاہدے (FASA) پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے ایک ٹرانزیکشن کمیٹی کی منظوری دینے کی بھی سفارش کی۔ پاک چائنا فرٹیلائزر لمیٹڈ کی نجکاری کے بعد کے مسائل پر بھی غور کیا گیا۔ روزویلٹ ہوٹل کے لین دین کے لیے تکنیکی اور مالیاتی تجاویز کو مدعو کرنے کا اشتہار 08 ستمبر 2023 کو شائع ہوا تھا۔ چار دلچسپی رکھنے والی پارٹیوں نے اپنی تجاویز پیش کیں۔