• news

گیپکو ریجن: مزید 37بجلی چور گرفتار، لیسکو: 83روز میں 2ارب 11کروڑ سے زائد جرمانے

گوجرانوالہ‘ کامونکی‘ لاہور‘ اسلام آباد  (نمائندہ خصوصی+ این این آئی+ خبر نگار خصوصی) گیپکو کا بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید37 بجلی چور پکڑے گئے، بجلی چوروں کو 66ہزار سے زائد یونٹس کی مد میں 22لاکھ 80ہزار روپے سے زائدکے جرمانے ، تمام کے خلاف ایف آئی کے اندراج کیلئے درخواستیں دے دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان اور وزارت توانائی کی ہدایات پرگیپکو ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب کی زیر نگرانی گیپکو کے ساتوں اضلاع میںکریک ڈائون بھرپور طریقے سے جاری ہے۔7ستمبر سے شروع ہونے والے آپریشن کے دوران گیپکو سرویلنس ٹیموں کی کامیاب کاروائیوںکے نتیجہ میںاب تک سٹی سرکل سے826، کینٹ سرکل سے802، گجرات سرکل سے356، سیالکوٹ سرکل سے584، نارووال سرکل سے464، اور منڈی بہائوالدین سرکل سے 425جبکہ ریجن بھرسے مجموعی طور پر3457 بجلی چور رنگے ہاتھوں بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا ہے۔ مختلف حربوں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے جانے والوں کو گیپکو کی جانب سے 67لاکھ 10ہزارسے زائد یونٹس کی مد میں26 کروڑ49 لاکھ روپے سے زائد کے ڈیٹکشن بل جاری کردیئے گئے ہیں جبکہ تما م بجلی چورورں کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آر کے اندراج کے لئے درخواستیں بھی دے دی گئی ہیں۔اس حوالے سے چیف ایگزیکٹوانجینئر محمد ایوب نے بتایا کہ گیپکوریجن کے چھ آپریشن سرکلز میں دن رات چیکنگ کی جارہی ہے بجلی چوری کے خلاف جاری اس خصوصی مہم میں گزشتہ86روزکے دوران مجموعی طور پر 3457بجلی چوروں کو پکڑاگیاہے جن میں 3203گھریلو،116 کمرشل،119زرعی اور 19انڈسٹریل صارفین ڈائریکٹ سپلائی اور دیگر مختلف طریقوں سے بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کیلئے درخواستیں جمع کروائی گئی جن میں سے 3383کے مقدمات کا اندراج ہو چکاہے اور2427بجلی چوروں کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب نے کہا کہ ہمارے بچے کے مستقبل کے ساتھ کھیلنے والے بجلی چوروں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ریجن بھر میں دن اور رات کے فرق کے بغیر کاروائیوں کا سلسلہ آخری بجلی چور کے خاتمہ تک جاری رہے گا۔چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب نے عوام الناس سے بھی اپیل کی کہ وہ بجلی چوروں کے خلاف جاری اس جنگ میں گیپکو کا ساتھ دیں اپنے ارد گرد د بجلی چوروں پر کڑی نظر رکھیں اور ایسے عناصر کی اطلاع فوری گیپکو کی ہیلپ لائن 118 پر دیں کیونکہ بجلی چوری کے خاتمہ سے ہی آپ کو سستی، معیاری اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی ممکن ہے۔ بجلی اور گیس چوری کرنے والے دو افراد رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔بتایا گیا ہے کہ گذشتہ روزصدر اور ایمن آباد پولیس نے گیپکو کے ایس ڈی او تنزیل ممتاز کی درخواست پر ڈائریکٹ تاریں لگاکر بجلی چوری کرنے والے تتلے مالی کے ایوب اور محکمہ سوئی گیس کے آفیسر خرم شہزاد کی درخواست پر سوئی گیس چوری میں ملوث درگاہ پور کے ذیشان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف جاری مہم کے دوران 83 دنوں میں2 ارب 11کروڑ سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا ، اب تک کل 31750 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے ،31372 کنکشنز کے خلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں، بجلی چوروں کو اب تک  5کروڑ 33لاکھ 72ہزار 718یونٹس چارج کئے گئے ہیں۔ ترجمان لیسکو کے مطابق چوبیس گھنٹے کے دوران ریجن بھر میں کل 323 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، پکڑے جانے والے کنکشنز میں  4 زرعی، 10 کمرشل، 3 انڈسٹریل اور 306 ڈومیسٹک تھے،٭تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو 3لاکھ 72ہزار 579یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے جن کی مالیت ایک کروڑ 48لاکھ 40ہزار 979روپے بنتی ہے۔ سرائے مغل کے علاقے میں کنکشن کو 350000 روپے ، کوٹ عبدالمالک کے علاقہ میں کنکشن کو 300000 روپے ،فیکٹری ایریا کے علاقے میں کنکشن کو 250000 روپے جبکہ  فیکٹری ایریا کے علاقے میں کنکشن کو250000 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ حکومت پاکستان اور وزارت توانائی کے احکامات کی روشنی میں بجلی چوری کے ناسور سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے آئیسکوکے تمام آپریشن سرکلز بشمول اسلام آباد راولپنڈی سٹی،راولپنڈی کینٹ، اٹک، جہلم اور چکوال میں کاروائیاں کے بہترین تنائج حاصل ہو رہے ہیں۔ جاری کاروائیوں کے نتیجے میں بجلی چوروں کو بھاری جرمانے اور گرفتاریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ماہ نومبر2023میں آئیسکوڈیٹیکشن ٹیموں نے1لاکھ51ہزار166میٹرز کو چیک کیا3ہزار121میٹرز سے28 لاکھ69 ہزار844 بجلی یونٹس کے غیر قانونی استعمال پر متعلقہ صارفین کو آئیسکو کی جانب سے12کروڑ90 لاکھ22ہزار سے زائد کے جرمانے عائدکرتے ہوئے بجلی کے ڈائریکٹ استعمال،میٹرز ٹیمپرڈ کرنے والوں کے بجلی کنکشنز منقطع کر کے میٹرز اتار لئے گئے۔ بجلی چوروں کے خلاف149 ایف آئی آرز کا اندراج کر کے70افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔7 ستمبر 2023 سے جاری انسداد بجلی چوری مہم کے دوران مجموعی طور پر اب تک3لاکھ 45ہزار21میٹرز کو چیک کیا گیا جن میں سے5ہزار962بجلی چوروں پر66لاکھ40ہزارسے زائدیونٹس چارج کر کے 30کروڑ42لاکھ98ہزار514کے جرمانے عائد کیے گئے۔مجموعی طور پر اب تک کی جانے والی کاروائیوں میں 644ایف آئی آرز کا اندراج کر کے پولیس کی جانب سے521بجلی چوروں کو گرفتار کیا گیا۔انسداد بجلی چوری جائزہ اجلاس کی صدارات کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر محمد امجد خان کا کہنا تھا کہ بجلی چور قومی خزانہ پر بوجھ ہیں جن کے خاتمے کے لئے ہم بلا تفریق اور سخت کاروائیاں پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ بجلی چوری کے ناسور سے آئیسکو کونجات دلا کر ہی دم لیں گئے۔انھوں نے صارفین سے درخواست کی ہے کی وہ اس قومی مہم میں آئیسکو کا ساتھ دیں اور بجلی چوروں کی اطلاع ہیلپ لائن نمبر 118 یا کمپلینٹ اینڈ مانیٹرنگ سیل کے نمبرز051-9252933-34پر دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

ای پیپر-دی نیشن