صنم جاوید‘ ڈاکٹر یاسمین‘ خدیجہ شاہ کی درخواستوں پر سماعت ملتوی
لاہور (خبرنگار) مجاز عدالت نے پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید کی نئے مقدمے میں درخواست ضمانت کی سماعت آج دو دسمبر تک ملتوی کر دی۔ صنم جاوید کے وکیل نے درخواست ضمانت پر دلائل مکمل کر لئے۔ پراسیکیوشن نے مقدمہ کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے آج پراسیکیوشن سے دلائل طلب کر لئے۔ نو مئی کو گلبرگ میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے کیس میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست ضمانت پر مزید سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ سپیشل پراسیکیوٹر منصور بخاری عدالت کے روبرو پیش نہ ہو سکے۔ راحت بیکری چوک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کا مقدمہ میںملزم زین الحسن کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دنوں کی توسیع کر دی گئی ہے۔ عدالت نے ملزم کو 15 دسمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔ ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ کی میعاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔ لاہور ہائی کورٹ نے خدیجہ شاہ نظر بندی کیس میں خدیجہ شاہ کی نظربندی اور توہین عدالت کی درخواستوں پر الگ الگ سماعت کی۔ فاضل عدالت نے دونوں درخواستوں پر سماعت 5دسمبر تک ملتوی کردی۔ عدالت نے نظر بندی کے خلاف صوبائی کابینہ کے فیصلے کی رپورٹ طلب کر لی اور ریمارکس دیئے کہ ہمارے لیے وقت بہت اہم ہے ایڈشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب غلام سرور نہنگ نے نظر بندی پر فیصلے کے لیے مہلت مانگی۔ لاہور ہائیکورٹ نے نو مئی واقعات میں بے گناہ شہریوں کی گرفتاری کیخلاف دوبارہ دائر کی گئی درخواست پر درخواست کے قابلِ سماعت ہونے کے حوالے سے مزید دلائل کیلئے مہلت دیدی اور کہا کہ اسی نوعیت کی درخواست اور اپیل ہائیکورٹ سے مسترد ہوچکی ہے اب آپ نے ثابت کرنا ہے کہ یہ درخواست پہلے کیس سے کیسے مختلف ہے۔ اگر آپ ثابت نہ کر سکے تو درخواست خارج کردی جائے گی۔