سندھ کے حکمرانوں کی کرپشن سکیورٹی رسک‘ 3 نکات پیش کر دیئے: خالد مقبول
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں جلسہ سے خطاب کرتے کہا ہے کہ ہم نے امن و خوشحالی کیلئے حکمرانوں کو تین نکات پیش کئے ہیں‘ کراچی کو 15 سال سے ایسے حکمران چلا رہے ہیں جنہوں نے صرف کرپشن کی۔ سندھ کے حکمرانوں کی کرپشن سکیورٹی رسک بن گیا ہے۔ تین نکات مان لو کہیں 6 نکات دوبارہ نہ آ جائیں۔ کرپشن‘ زمینوں کی بندر بانٹ سے 22 ہزار نہیں 80 ہزار ارب روپے ہڑپ کر لئے گئے۔ دوسری طرف سینئر ڈپٹی کنوینئر ایم کیو ایم مصطفیٰ کمال نے جلسہ سے خطاب کرتے کہا کہ اس شہر پر قبضہ کرنے کی کوشش اور خواب دیکھا جا رہا ہے۔ آٹھ فروری کو سب کو پتہ چل جائے گا۔ کراچی کس کا ہے۔ آج ہمیں پنجاب سے بھی حمایت مل رہی ہے۔ یہ بڑی کامیابی ہے‘ ووٹ کو عزت اور تبدیلی کے نعرے لگے لیکن مسائل حل نہیں ہوئے۔ آج کی ایم کیو ایم وہ نہیں جس پر الزام لگائیں اور آپریشن شروع کر دیں۔ سینئر ڈپٹی کنوینئر ایم کیو ایم فاروق ستار نے جلسہ سے خطاب کرتے کہا ہے کہ خالد مقبول صدیقی‘ مصطفیٰ کمال اور میں نے ایم کیو ایم کو مضبوط بنا دیا ہے۔ تمام قومیت کے لوگ ایم کیو ایم کے پرچم تلے جمع ہو جائیں تو یہ انقلاب کا آغاز ہو گا۔ سندھ کے وسائل اور اداروں پر جاگیرداروں کا قبضہ ہے۔