• news

18 ویں ترمیم مکمل کرینگے‘ دانیال عزیز بلاول کی زبان کیوں بول رہے: احسن اقبال

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) احسن اقبال نے کہا ہے کہ اٹھارہویں ترمیم ادھوری ہے ہم اس کو مکمل کریں گے۔ میڈیا سے گفتگو میں لیگی رہنما نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کا مقصد اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنا تھا، ہم ایک مضبوط بلدیاتی نظام کے ذریعے اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کریں گے۔ اگلے الیکشن میں (ن) لیگ کا بیانیہ ترقی کا ہوگا۔ پی ٹی آئی 10سال خیبر پی کے، پیپلز پارٹی 15 سال سندھ میں لگا چکی ہے۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب میں حکمرانی کرچکی ہے، کیا پیپلز پارٹی یہ کہہ سکتی ہے جو حال کراچی کا کیا وہی پورے پاکستان کا کر دیں گے۔ پشاور کا حال سب کے سامنے ہے۔ اناڑی کو مسلط کر کے ترقی کے سفرکو کریش کر دیا گیا۔ ہم ترقی کے سفرکو دوبارہ شروع کریں گے، پاکستان کے چیلنجز کا حل مضبوط منتخب حکومت میں ہے۔ ن لیگ کے پاس صلاحیت بھی ہے اور ٹیم بھی موجود ہے۔ سرگودھا ڈویژن کے100سے زائد امیدواروں کے انٹرویوز کئے گئے۔ 6 دسمبر کو بلوچستان کے امیدواروں کے انٹرویو ہونگے۔ بہترین امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے جائیں گے۔ ن لیگ پہلی جماعت ہے جو انتخاب کی تیاری کیلئے سنجیدہ کوششیں شروع کر چکی ہے۔ احسن اقبال نے دانیال عزیز کی جانب سے تنقید سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ دانیال عزیز کا احترام کرتا ہوں، دانیال عزیز کے بیانات کا افسوس ہوا۔ سمجھ نہیں آتی دانیال عزیز بلاول بھٹو کی زبان کیوں بول رہے ہیں۔ دانیال عزیزسے ان بیانات کی توقع نہیں تھی۔

ای پیپر-دی نیشن