نواز، شہباز کی زیر صدارت مسلم لیگ ن پارلیمانی بورڈ کا اجلاس، سرگودھا ڈویژن کیلئے امیدواروں کا انتخاب
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی بورڈ کا اجلاس پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ہوا۔ نواز شریف اور شہباز شریف نے اجلاس کی صدارت کی۔ پارلیمانی بورڈ میں سینئیر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف، الیکشن سیل کے سربراہ سینیٹر اسحاق ڈار، پارٹی سیکرٹری جنرل احسن اقبال اور پارٹی کے مرکزی و صوبائی عہدیدار شریک ہوئے۔ اجلاس نے سرگودھا ڈویژن میں پارٹی کے لئے موزوں امیدواروں کے انتخاب پر غور کیا۔ اجلاس کے آغاز میں سینئیر پارلیمینٹیرین بیگم نجمہ حمید اور مشاہد اللہ خان کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ بیگم نجمہ حمید کی پہلی برسی پر اجلاس نے ان کی ملک و قوم اور پارٹی کے لئے خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔ اجلاس نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیگم نجمہ حمید مسلم لیگ (ن) کی پہچان تھیں۔ بیگم کلثوم نواز کی جدوجہد کے دوران ان کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ مشاہد اللہ خان پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے۔ مشاہد اللہ خان کی کمی ہمیں ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی۔ مشاہد اللہ خان نے سخت ترین حالات کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ وہ نہایت وفادار، پارٹی کے نظریہ پر کاربند اور مشکلات کا بہادری سے مقابلہ کرنے والی نیک دل اور نیک نیت راہنما تھے۔ پارلیمانی بورڈ کا اجلاس اب 4 دسمبر کو ہو گا جس میں راولپنڈی ڈویژن سے قومی اور صوبائی اسمبلی کے لئے موزوں امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔