غیر قانونی تارکین وطن کے انخلا کا عمل بلاتعطل جاری رکھنے کا حکم
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نءتمام آر پی اوز، ڈی پی اوز کو غیر قانونی غیر ملکی تارکین کے انخلا کا عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی اداروں کی انٹیلی جنس بیسڈ انفارمیشن کے ذریعے غیر قانونی تارکین وطن کے انخلا کا عمل بلاتعطل جاری رکھیں۔ پنجاب بھر میں مختلف پراجیکٹس پر کام کرنے والے چینی ماہرین اور باشندوں کی سکیورٹی مزید سخت کی جائے۔ نئے پولیس ویلفیئر پراجیکٹس ٹائم لائن میں مکمل کریں۔ رواں ماہ 2600 سے زائد جبکہ اگلے ماہ 650 سے زائد کانسٹیبلز کو ترقی دینے جا رہے ہیں، اگلے سال فروری تک مجموعی طور پر کانسٹیبل سے ڈی ایس پی رینک کی 20 ہزار پروموشنز کا ٹارگٹ حاصل کر لیں گے۔ سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشنز کی بروقت تکمیل، خدمت مراکز، پولیس لائنز کی اپ گریڈیشن اولین ترجیح ہے، پنجاب کے تمام تھانوں کو پروٹوکول کے مطابق اپ گریڈ کرنے کے عمل بلا تعطل جاری ہے۔