بانی چیئرمین پی ٹی آئی ایک فتنہ تھا جو تدفین کے آخری مراحل میں ہے‘ ساجد میر
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سربراہ سینیٹرپروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین تحریک انصاف ایک فتنہ تھا جو تدفین کے آخری مراحل میں ہے ،اب یہ فتنہ سر نہیں اٹھا سکے گا، ایک ایجنڈے کے تحت نوجوانوں کو گمراہ کیا گیا۔ اس امر کا اظہار انہوں نے نومنتخب چیف آرگنائزر چوہدری کاشف نواز رندھاوا کے اعزاز میں پارٹی راہنما حافظ فیصل افضل شیخ کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلمانوں کا ملک ہے، یہاں اسلامی تہذیب کے علاوہ کوئی دوسری تہذیب نہیں چلے گی۔ 2018 الیکشن میں دھاندلی ہوئی ۔ پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں مذہبی قوتوں کا ووٹ بینک فیصلہ کن کردار اداکرے گا ،مستقبل میں بھی اتحادی حکومت بننے کا امکان ہے۔ملک معاشی طور پر بحران کا شکار ہے قومی قیادت کو مل کراصلاح کرنا ہو گی۔کاشف نواز رندھاوا ہماری جماعت کا اثاثہ ہے۔وفادار اور مخلص کا رکنوں کو آگے لیکر آئیں گے۔ کاشف نواز رندھاوا کے چیف آرگنائزر بننے سے جماعت کو تقویت ملے گی۔ کاشف نواز رندھاوا نے کہا کہ پروفیسر ساجد میر کی قیادت میں پارٹی کو ملک گیر سطح پر منظم کریں گے۔ رانا شفیق خاں پسروری نے اپنے خطاب میں چوہدری کاشف نواز رندھاوا کی تعیناتی کو خوش آئند اور جماعت کے لیے مفید قرار دیا ۔