• news

مردان، صوابی: کنونشن کرنے پر شیر افضل سمیت 125 پی ٹی آئی رہنمائوں، کارکنوں کیخلاف مقدمات

مردان (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے  کے ضلع مردان میں شیر افضل مروت سمیت تحریک انصاف کے 104 رہنمائوں اور کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مردان پولیس کے مطابق پی ٹی آئی رہنمائوں اور کارکنوں کے خلاف دفعہ144 کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر شیر افضل مروت سمیت 104 رہنما اور کارکن نامزد کئے گئے ہیں۔ مقدمے میں پولیس مہم میں رکاوٹ ڈالنے اور روڈ بندش کی دفعات شامل ہیں جبکہ مقدمہ ایس ایچ او تھانہ جبر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ دوسری جانب صوابی میں بھی ورکرز کنونشن منعقد کرنے پر شیر افضل مروت سمیت پی ٹی آئی کے 21 مقامی قائدین اور دیگر نامعلوم کارکنان پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔ گزشتہ روز منعقدہ ورکرز کنونشن میں تحریک انصاف کے عہدیداروں اور کارکنوں نے شرکت کی تھی۔ ایف آئی آر تھانہ صوابی کے ایس ایچ او کی مدیت میں درج کی گئی۔ تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں سابق ایم پی اے عاقب اللہ، سابق ایم پی اے عبدالکریم، تحصیل میئر عطاء اللہ فیصل ترکئی، ضلعی صدر سہیل یوسفزئی، عدنان قیصر اور دیگر قائدین بھی نامزد ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن