عمران نے اپنی کرسی زرداری کے تراشے ہیرے کے حوالے کر دی: خواجہ آصف
فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران نے اپنی کرسی زرداری کے تراشے ہیرے کے حوالے کر دی۔ یہ پی ٹی آئی لیڈرز اور کارکنوں کے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔ لیگی رہنما نے اپنے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر پی ٹی آئی کے نومنتخب چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا انتخابی پوسٹر شیئر کیا ہے جب وہ پیپلز پارٹی کی جانب سے قومی اسمبلی کی نشست کے امیدوار تھے اور لکھا ہے کہ تحریک انصاف کے نئے چئیرمین کے2008-2022ء تک 14 سال آصف زرداری قائد رہے، وہ 2022ء میں پی ٹی آئی میں آئے۔ خواجہ آصف نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال کے اندر عمران خان کو زرداری صاحب کا تراشا ہیرا اتنا پسند آیا کہ اپنی کرسی اس کے حوالے کر دی اور اپنے پرانے ساتھیوں کو کوڑا کرکٹ کر دیا۔ لیگی رہنما نے عمران خان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اپنی غیر حاضری میں وہ اپنے پرانے ساتھیوں پہ اعتبار کرنے کو تیار نہیں۔ جس شخص نے ساری عمر لوگوں کو دھوکے دئیے ہوں اس کے لیے دوسروں پہ اعتبار مشکل ہو تا ہے۔ خواجہ آصف نے اپنے پیغام میں پی ٹی آئی کے لیڈروں اور ورکروں سے کہا ہے کہ یہ ان کے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔