• news

ہرسیاسی جماعت اپنی خواہش کے مطابق لیول پلیئنگ فیلڈ چاہتی ہے: مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی +نیٹ  نیوز) نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے ہر سیاسی جماعت اپنی خواہش کے مطابق لیول پلیئنگ فیلڈ چاہتی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا انتخابات کرانا الیکشن کمشن کی ذمہ داری ہے، حکومت انتخابات کرانے میں الیکشن کمشن کی معاونت کرے گی، نگران حکومت شفاف انتخابات کیلئے تیار ہے، ہرسیاسی جماعت کو اپنی بات کرنے کا حق ہے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے، تمام سیاسی جماعتیں اپنی سرگرمیاں کررہی ہیں، دوسروں پر الزامات لگانے والی پی ٹی آئی کے اپنے پارٹی انتخابات پر سوالات اٹھ رہے ہیں، شفاف انتخابات کا مطالبہ کرنے والی پی ٹی آئی اپنی جماعت میں جمہوریت نہیں چاہتی۔نگراں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے سندھ کلچرل ڈے کے موقع پر پاکستان بالخصوص سندھ کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ صدیوں سے کثیر اللسانی، کثیر المذہبی اور کثیر النسلی اکائی رہا ہے، سندھ ایک ایسا خطہ ہے جس نے دنیا کے مختلف خطوں سے آئے ہوئے مختلف مذاہب اور نسلوں کے لوگوں کو یکجا کیا، سندھ کا تنوع اس کی کمزوری نہیں بلکہ طاقت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن