لاہور مییں 22 نئے تھانے بن رہے، محسن نقوی: مقدمہ درج نہ کرنے کی شکایت پر تھانیدار معطل
لاہور (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تھانہ ہنجروال کی نئی عمارت کا افتتاح کر دیا۔ افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ لاہور میں 22 نئے تھانے بنائیں گے، سیف سٹی کا دائرہ مزید شہروں تک بڑھائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ جلد پولیس کلچر کی حالت بھی بہتر نظر آئے گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی تھانہ ہنجروال کی نئی عمارت کا افتتاح کرنے پہنچے۔ افتتاحی تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی اور ایس ایس پی آپریشنز سید علی رضا بھی شریک ہوئے، ان کے علاوہ چیف ٹریفک آفیسر مستنصر فیروز، ایس پی اقبال ٹاؤن احمد زونیر چیمہ، دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ محسن نقوی نے تھانے کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، آئی جی پنجاب نے بریفنگ دی، نگران وزیر اطلاعات عامر میر، مشیر کھیل وہاب ریاض بھی موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ لاہور میں 22 نئے تھانے بنائیں گے،سیف سٹی کا دائرہ مزید شہروں تک بڑھائیں گے، جلد پولیس کلچر کی حالت بھی بہتر نظر آئے گی۔ تمام اضلاع کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے خریدیں گے ،شہروں میں سیف سٹی منصوبے کو بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، لاہور میں آج یومیہ 24 ہزار لائسنس بن رہے ہیں۔ پنجاب میں آج 47 ہزار یومیہ لائسنس بن رہے ہیں ، پولیس کے پاس پٹرولنگ کے لیے بہت پیسے ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ لاہور میں آج سے پہلے یومیہ 250 لائسنس بنتے تھے ،لاہور میں ون فائیو کی کالز آنے میں کمی واقع ہوئی ہے، تھانوں اور پولیس کلچر بہتر ہوتا نظر آئے گا، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ امید ہے جو بھی نیا وزیراعلی آئے گا مجھ سے بہتر کام کرے گا، پولیس کے بارے میں جو تاثر تھا اس میں اٹھارہ بیس کا فرق آیا ہے، کچے کے علاقے کیلئے علیحدہ پیکج بنایا گیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ والدین فیصلہ کر لیں بچوں کو تھانوں میں بند کرانا ہے یا ڈرائیونگ لائسنس بنوانا ہے،بچوں کے ڈرائیونگ لائسنس ضرور بنوائیں،لاہور میں 90 فیصد لوگوں کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہیں تھے،ڈھائی لاکھ چنگچی رکشے رجسٹرڈ نہیں ہے ، محسن نقوی نے کہاکہ رکشوں کو نیٹ ورک میں لانے کے لیے آپریشن کرنا پڑے گا ، لیکن کسی کا روز گار تباہ نہیں کریں گے ، تمام آپشن سامنے رکھ کر فیصلہ کریں گے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے وزیراعلیٰ آفس میں میٹ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے 21رکنی وفدنے ملاقات کی۔ میٹ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے لائیوسٹاک پروڈکشن بڑھانے کے لئے تجاویز پیش کیں۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گوشت کی ایکسپورٹ 5گنا بڑھانے کے لئے قابل عمل پلان طلب کرلیا۔ محسن نقوی سے اٹلی کے سفیر اینڈریاس فیراریز (Mr. Andreas Ferrarese) نے ملاقات کی،جس میں ثقافت،سیاحت اورباہمی تجارت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ محسن نقوی سے وزیراعلیٰ آفس میں اقوام متحدہ ہائی کمیشن برائے مہاجرین کی نمائندہ فلپا کونڈلر (Ms.Philippa Condler)نے ملاقات کی۔ملاقات میں غیر قانونی طورپر مقیم غیر ملکیوں کے انخلاء سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔غیر قانونی طورپر مقیم غیر ملکیوں کے انخلاء کے حوالے سے سپورٹ،کوآرڈینیشن اورتعاون پر بھی گفتگوکی۔ ان ایبلڈ پرسنز کے حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ معاشرے میں خصوصی افراد کی دیکھ بھال اور تعلیم و تربیت کے حوالے سے شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔حکومت پنجاب ان ایبلڈ افراد کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں ہے۔ وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے شاہراہ قراقرم پر بڈور کے قریب بس پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے تھانہ علامہ اقبال ٹاؤن کا اچانک دورہ کیا۔ تھانے میں موجود سائلین نے ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر کے حوالے سے شکایات کیں۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سائلین کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او کو معطل کرنے کا حکم دیا اور ڈی ایس پی کو وارننگ جاری کی گئی۔