حملہ بس، نہیں پاکستان پر ہوا سیاسی استحکام سے ہی معیشت، بہتر مسائل حل ہونگے: شہباز شریف
لاہور(نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے چلاس سے آنے والی بس پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ شہباز شریف نے اپنے بیان میں شہدا کے اہلخانہ اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کو جلد گرفتار کیا جائے، یہ بس پر نہیں، پاکستان پر حملہ ہے۔ شہباز شریف نے کہا پورا پاکستان سکیورٹی فورسز کی طاقت سے قاتلوں کو عبرت ناک انجام تک پہنچائے گا، ایک منظم سازش سے بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، سابق وزیراعظم نوازشریف کی پالیسی پر عمل درآمد نہ روکا جاتا تو دہشت گردی دوبارہ سر نہ اٹھاتی۔ مسلم لیگ ن کے صدر نے پاک فوج کے دو شہید جوانوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل، قوم کے اتحاد اور سکیورٹی فورسز کی طاقت سے ارض پاک کو دہشت گردی کی ناپاکی سے پاک کریں گے۔سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ بس ڈرائیور نے بہادری و جرات کا مظاہرہ کرکے مسافروں کو بچانے کی کوشش کی اس پر سلام پیش کرتے ہیں، شہباز شریف نے شہداء کے درجات کی بلندی، اہل خانہ کے لئے صبر اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ مزید براں شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی انتقام ہار گیا، اب مہنگائی اور معاشی بدحالی کو شکست دینی ہے، ہم الیکشن نہیں عوام اور پاکستان کے معاشی مفادات کی جنگ لڑنے جا رہے ہیں۔صدر پی ایم ایل ( این ) نے ان خیالات کا اظہار پارٹی رہنماؤں اور سابق اراکین قومی وصوبائی اسمبلی سے ملاقاتوں میں کیا، سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیاسی استحکام سے ہی معیشت اور عوام کے مسائل حل ہوں گے۔انہوں نے کہا پاکستان اور عوام کی بھلائی، بہتری اور مفاد میں نواز شریف کی قیادت میں سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، عوام کو مہنگائی اور دیگر مسائل سے نجات دلانے کے لیے یہ الیکشن بہت اہم ہیں۔ ہم الیکشن نہیں عوام اور پاکستان کے معاشی مفادات کی جنگ لڑنے جا رہے ہیں، اللہ کے کرم اور عوام کی مدد سے الیکشن جیت کر مہنگائی کو ہرائیں گے۔انہوں نے کہا گالیوں اور کردار کشی کے ہتھکنڈوں میں قوم کا قیمتی وقت اور وسائل برباد کیے گئے، ہمارے خلاف شروع کیے گئے سیاسی انتقام کا نشانہ عوام اور ملک بن گئے، بالا?خر سیاسی انتقام ہار گیا، اب مہنگائی اور معاشی بدحالی کو شکست دینی ہے۔چار سالہ تباہی کا سیاہ دور نہ آتا تو عوام کے لیے مہنگائی اور پاکستان کی معاشی بدحالی کا برا وقت نہ آتا۔دریں اثنا سابق وزیراعظم سے پارٹی کے سندھ کے صدر بشیر میمن نے ملاقات کی، شہباز شریف نے بشیر میمن کو سندھ کلچر ڈے کی مبارک دی۔ اس موقع پر خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق، بیرسٹر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔شیخ روحیل اصغر، محمد حنیف عباسی، خواجہ سلمان رفیق نے بھی پارٹی صدر سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف، سید باسط بخاری، میاں عمران قریشی کی بھی شہباز شریف سے ملاقات ہوئی۔رہنمائوں نے اپنے اپنے حلقوں میں انتخابی تیاریوں سے پارٹی صدر کو آگاہ کیا، شہباز شریف نے انتخابات کی تیاریوں کے لیے پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کے جذبے اور محنت کو سراہا۔