ظلم یہودی نہیں صیہونی کر رہے ہیں ’’مسئلہ فلسطین اور غزہ کا بحران‘‘ پر تقریب
لاہور(نیوز رپورٹر) انبیاء کی سرزمین فلسطین کے باسی پون صدی سے صیہونیوں کے ظلم و ستم کا نشانہ بن رہے ہیں۔ دنیا اس مسئلے کو کیوں نہیں نمٹا سکی۔ یہ سوال ابھی تک حل طلب ہے۔ اس عالمی مسئلے کے پس منظر، تاریخی حوالوں اور موجودہ المناک صورتحال کے بارے میں نوجوان نسل کو آگاہ کرنے کیلئے کامسیٹس یونیورسٹی لاہور کیمپس میں ’’کامسیٹس میڈیا فورم" کا انعقاد کیا گیا۔ ’’مسئلہ فلسطین اور غزہ کا بحران‘‘ کے موضوع سے ہونے والے فورم میں بین الاقوامی امور کے نامور ماہرین نے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی۔ مقررین میں بریگیڈیئر ریٹائرڈ سید غضنفر علی، ٹاون شپ کالج کے سابق پرنسپل اور بین الاقوامی امور کے ماہر ڈاکٹر محمد اعجاز بٹ، چیف نیوز ایڈیٹر روزنامہ ’’نوائے وقت’’ دلاور چودھری، سینئر صحافی اور تجزیہ کار سلمان عابد شامل تھے۔ٹاؤن شپ کالج کے سابق پرنسپل اور بین الاقوامی امور کے ماہر ڈاکٹر محمد اعجاز بٹ نے کہا کہ اسرائیل کئی دہائیوں سے نہتے فلسطینیوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ بریگیڈیئر سید غضنفر نے کہا کہ صہونیت کا تصور ہی ظلم و ستم اور تشدد کی بنیاد پر ہے۔روزنامہ’’ نوائے وقت‘‘ کے چیف نیوز ایڈیٹر دلاور چودھری نے اپنے خطاب میں کہا کہ فلسطین میں یہودی ظلم نہیں کر رہے بلکہ صیہونی ظلم کر رہے ہیں۔ نامور تجزیہ کار سلمان عابد نے کہا کہ غزہ کی جنگ مسلمانوں کیخلاف نہیں بلکہ انسانیت کے خلاف ہے۔