قومی کرکٹ ٹیم کا پریکٹس سیشن بارش، ژالہ باری کی نذر، آسٹریلوی چیلنج کیلئے تیار: شاہ آفریدی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا کے مانوکا اوول سٹیڈیم میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا پہلا پریکٹس سیشن بارش اور ژالہ باری کی نذر ہوگیا۔ قومی ٹیم ٹیسٹ سیریز سے قبل کینبرا میں پرائم منسٹر الیون کیخلاف 6 سے 9 دسمبر تک چار روزہ میچ کھیلے گی۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ پرتھ میں کھیلا جائیگا ۔آسٹریلوی وزیر اعظم کل قومی سکواڈ کو عشائیہ دینگے۔فاسٹ بائولر شاہین آفریدی نے کہا کہ ڈیوڈ وارنر کا کیریئر شاندار ہے، وہ تینوں فارمیٹ کے بہترین کھلاڑی ہیں، ان کیلئے نیک تمنائیں ہیں مگر پرامید ہوں وہ پاکستان کیخلاف اچھا پرفارم نہیں کرینگے۔ پاکستان فی الحال ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے، امید ہے آسٹریلیا میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ کینبرا میں کھیلنے کا زیادہ تجربہ نہیں مگر پی ایم الیون کیخلاف میچ سیریز کی تیاری میں اہم ہوگا اور یہ میچ ٹیسٹ سیریز کی تیاری کا اچھا موقع ہے، 4 دنوں میں ہمیں ٹیسٹ کی تیاری کا موقع ملے گا۔ آسٹریلیا نے مضبوط سکواڈ کا اعلان کیا ہے مگر پاکستان ٹیم اس چیلنج کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت بچانے کیلئے خود سامان اٹھایا۔ اگلی فلائٹ میں تیس منٹ تھے، وہ دو بندے تھے ہم نے کہا کہ جلد کام ختم ہو گا۔ صرف مدد کیلئے ایسا کیا۔