الیکشن میں لاڈلوں، سپر لاڈلوں نہیں، مظلوم، ظالم کے درمیان مقابلہ ہوگا: سراج الحق
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اعلان کیا ہے کہ جے آئی یوتھ 8دسمبر تا 8فروری 63روزہ ملک گیر مہم کا آغاز کر رہی ہے جس کے دوران ووٹ کے ذریعے حقیقی انقلاب کی بنیاد رکھی جائے گی۔ تحریک کا آغاز تمام ضلعی ہیڈکوارٹر سے ہو گا۔ ہر پولنگ سٹیشن کی سطح پر 10نوجوانوں پر مشتمل بنیادی جے آئی یوتھ یونٹ قائم کیا جائے گا تاکہ انتخابات میں کسی بھی قسم کی دھاندلی کا راستہ روکا جا سکے۔ الیکشن تک جماعت اسلامی کے مزید ایک کروڑ ووٹرز بنائے جائیں گے۔ الیکشن میں لاڈلوں اور سپر لاڈلوں کے درمیان نہیں بلکہ مظلوم اور ظالم کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ منصورہ میں نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، صدر جے آئی یوتھ رسل خان بابر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 50فیصد ٹکٹس نوجوانوں کے پاس ہیں، آئندہ انتخابات میں کسی پارٹی سے نہیں، عوام سے اتحاد ہو گا۔ الیکشن میں تمام سیاسی جماعتوں کو مساوی مواقع فراہم کرنا الیکشن کمشن کے حلف کا تقاضا ہے۔ انتخابات سے قبل انھیں متنازع نہ بنایا جائے۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری، ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی آصف لقمان قاضی، سیکرٹری جے آئی یوتھ شاہد نوید ملک، نائب صدر جے آئی یوتھ فرید احمد رزاقی، صدر جے آئی یوتھ پنجاب جنوبی عبدالرحمن، صدر جے آئی یوتھ پنجاب وسطی بشارت صدیقی اور صدر جے آئی یوتھ لاہور جبران بٹ اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے کہا کہ ملک میں نظام نہیں بدلتا، لاڈلے تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔ گزشتہ 10برس عوام کے لیے مشکل ترین تھے، اس عرصہ میں ن لیگ، پی ٹی آئی اور 14جماعتوں پر مشتمل پی پی اور پی ڈی ایم کے اتحاد کی صورت میں حکومتیں قائم رہیں۔ دعوے کیے گئے، مگر عوام کی حالت نہیں بدلی، نگران حکومت بھی سابقین کی پالیسیوں پر کاربند ہے۔ گیس کی قیمتوں میں 11سو فیصد، بجلی کے ٹیرف میں دو سو فیصد، ادویات کی قیمتوں میں پانچ سو فیصد اضافہ ہوا۔ چینی، آٹا، گھی اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتیں بھی عوام کی پہنچ سے دور ہیں۔ ان حکمرانوں نے غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف امریکی خوف کی وجہ سے ایک لفظ نہیں بولا۔ 8فروری ظالم کے احتساب کا دن ہے۔ انھوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل سٹیٹس کو پارٹیاں ایک دوسرے سے جوڑ توڑ میں مصروف ہیں، یہ سب مفادات کی گیم ہے جس کا عوام کی خوشحالی، امن اور ترقی سے کوئی سروکار نہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ آئندہ 63دنوں میں جماعت اسلامی کا ہر کارکن 100نئے ووٹر بنائے گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رسل خان بابر نے کہا کہ پانچ کروڑ 79لاکھ نوجوان آئندہ الیکشن میں فیصلہ کن کردار ادا کریں گے۔ آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی سب کو حیران کر دے گی۔