گندم پر پہلا حق پنجاب کا ہے تو بجلی پر خیبر پی کے کا: ایمل ولی
پشاور (نیٹ نیوز) اے این پی خیبر پی کے کے صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ اسلام کے حصول کے نام پر پھر اسلام آباد کی لڑائی لڑی جا رہی ہے۔ ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے انتخابات میں اتنے لوگ نہیں تھے جتنے ہمارے سٹیج پر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بننے کے بعد باچاخان نے اس ملک کو آباد کرنے کے لئے سب کو آواز دی۔ پشتونوں کی حقوق کے لئے جب بھی آواز اٹھائی تو بیرونی ایجنٹ کے الزامات لگے۔ اے این پی نے 11 ممبران اسمبلی کے زور پر چھوٹے صوبوں کو آئینی حقوق دلائے۔ انہوں نے کہا کہ جو ٹکر کے لوگ ہونے کے دعوے کرتے تھے وہ ایک تھپڑ کے لوگ ثابت ہوئے۔ 18ویں ترمیم کا خاتمہ دراصل پاکستان کا خاتمہ ہے۔ اگر ملک کو بچانے کے لئے پشتونوں کے حقوق سے دستبرداری درکار ہوئی تو کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ 6 ہزارسے زائد میگاواٹ کی بجلی پیدا کرنے والے صوبے کو آدھی بجلی بھی نہیں دی جارہی۔ انہوں نے کہا کہ گندم پر اگر پہلا حق پنجاب کا ہے تو بجلی پر سب سے پہلا حق پی کے کا ہے۔ اگر ہمیں بجلی پر حق نہیں دیا جاتا تو پھر پشتونوں کو پنجاب کی بجلی بند کرنے کا حق حاصل ہے۔