اسرائیل انسانیت کا دشمن‘ اسلامی جمہوری اتحاد کے زیراہتمام دینی‘ سیاسی رہنماؤں کا اجلاس
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے زیر اہتمام مرکزِ توحید و سنت مرکزی جامع مسجد گرین ٹائون میں اسرائیلی درندگی، غزہ میں کارپٹ بمباری اور بربریت کے خلاف مختلف دینی، مذہبی، سیاسی اور سول سوسائٹی کے ممتاز راہنمائوں اور علماء کا اجلاس ہوا۔ جس میں ان تمام قائدین کی طرف سے ایک مشترکہ و متفقہ بیان جاری کیا گیا ہے۔ اجلاس سے اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سینئر نائب صدر مولانا امیر عبداللّٰہ فاروقی، علامہ عبدالخالق آفریدی، پروفیسر عدنان فیصل، مولانا شعیب احمد قاسمی، علامہ ممتاز احمد اعوان اور دیگر نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل صرف اسلام اور مسلمانوں کا ہی نہیں بلکہ امن و امان اور پوری انسانیت کا دشمن ہے۔ وہ صرف پْر امن شہریوں کا ہی نہیں بلکہ معصوم بچوں اور بے گناہ خواتین کا بھی دشمن ہے۔ وہ فلسطین پر ناجائز قابض اور غاصب ہے۔ غزہ فلسطین کا علاقہ ہے اب اس پر بھی وہ زبردستی قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ وہ مسلمان اور تمام دوسرے ممالک بھی ہڑپ کر کے گریٹر اسرائیل بنانا چاہتا ہے۔ امریکہ برطانیہ اور یورپی ممالک کی حکومتیں اس انسانیت دشمنی میں برابر کی شریک ہیں اور تاریخ ان کی اس انسانیت دشمنی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ عالمی تنظیموں، اقوامِ متحدہ اور سلامتی کونسل کے اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ صرف بیان بازی کی بجائے انسانیت کو تباہی اور بربادی سے بچانے کے لئے اسرائیل کے خلاف عملی کارروائی کرتے ہوئے اس کو جنگ بند کرنے پر مجبور کرے اور مظلوم فلسطینیوں کا ساتھ دیں۔