حادثات: رائے ونڈ روڈ پر ماں بیٹا‘ کامونکی‘ آزاد کشمیر میں 2‘2 افراد جاں بحق
قصور‘ کامونکی‘ گڑھی دوپٹہ (نمائندہ نوائے وقت + نمائندہ خصوصی + آئی این پی) قصور رائیونڈ روڈ پر نامعلوم گاڑی نے ماں بیٹے کو کچل کر ہلاک کر دیا۔ ریسکیو عملے نے نعشوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔ 25سالہ وسیم اپنی 50سالہ والدہ کے ساتھ موٹر سائیکل پر جارہا تھا‘ رائیونڈ روڈ پر ایک نامعلوم شخص کی تیز رفتار گاڑی نے ہٹ کیا اور دونوں ماں بیٹے کو کچل کر ہلاک کر دیا۔ وقوعہ کی اطلاع پر ریسکیو 1122 نے نعشوں کو بلھے شاہ ہسپتال منتقل کر دیا۔ مقامی پولیس مصروف کارروائی ہے۔ علاوہ ازیں کامونکی سے نمائندہ کے مطابق گذشتہ دوپہر نواحی گاؤں پورن پور کا تیس سالہ دلاور موٹر سائیکل پر جا رہا تھا‘ چندنیاں چوک میں تیز رفتاری کے باعث مخالف سمت سے آنے والے واہنڈو کے ساٹھ سالہ غلام قادر کی موٹر سائیکل سے خوفناک تصادم ہوگیا جس کے نتیجہ میں زخموں کی تاب نہ لاتے دلاور اور غلام قادر موقع پر ہی جاں بحق جبکہ غلام قادر کی اہلیہ خالدہ بی بی شدید زخمی ہو گئی۔ ریسکیو 1122کی ٹیم نے تشویش ناک حالت کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرانوالہ منتقل کر دیا۔ ایمن آباد پولیس نے متوفیان کی نعشیں لواحقین کے حوالے کر دی ہیں۔ مظفر آباد سے چکوٹھی جانے والی کوسٹر بڈھیارہ شریف کے مقام پر حادثے کا شکار ہو گئی، صبح 5 بجے کے قریب کوسٹر دریائے جہلم کے کنارے جاگری۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 مظفر آباد موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ریسکیو کر کے مظفرآباد ہسپتال منتقل کر دیا۔