• news

فیسکو27، لیسکو ریجن سے مزید 11بجلی چور گرفتار: 122گیس کنکشن منقطع

فیصل آباد‘ لاہور (نمائندہ خصوصی + اے پی پی + این این آئی) فیسکو ٹیموں نے دوران چیکنگ مزید 27بجلی چوروں کو پکڑ لیا جن کو 39ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 18لاکھ 55ہزار سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ تمام بجلی چوروں کی تنصیبات منقطع کر کے ایف آئی آر کے اندراج کی درخواستیں دائر کر دی گئی ہیں۔ فیسکو ریجن میں بجلی چوری کے خلاف جاری خصوصی مہم میں 86روزکے دوران مجموعی طور پر 4354 بجلی چوروں کو ایک کروڑ 11لاکھ 96ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 51کروڑ 68لاکھ سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ بجلی چوری میں 4099 گھریلو، 131 کمرشل، 114 زرعی اور 10 انڈسٹریل کنکشن ملو ث پائے گئے ہیں۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی جانب سے چھٹی کے روز میں بھی بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری رہا۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران11 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان لیسکو کے مطابق انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ ریجن بھر میںمزید 299 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔298 بجلی چوروں کے خلاف ایف آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے168 درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں جبکہ 11ملزمان کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں7 زرعی، 8 کمرشل، 2 انڈسٹریل اور282 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو 379142یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 15657872روپے ہے۔ دریں اثناء سوئی ناردرن کے تحت پنجاب، خیبر  پی کے اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گیس چوری کے خلاف جاری کریک ڈائون کے دوران مزید122 گیس کنکشنزمنقطع ، 269انڈر بلنگ کیسز اندراج /پروسیس جبکہ78لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔ میٹرو بس انتظامیہ بھی بجلی چوری میں ملوث نکلی جس پر لیسکو حکام نے جرمانہ عائد کر دیا۔ انتظامیہ کے زیر استعمال میٹر کا ایک فیز ڈیڈ تھا، میٹر کا ایک فیز ڈیڈ ہونے کی وجہ سے لیسکو کو لاکھوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔ میٹرو بس انتظامیہ کو ڈٹیکشن بل کی مد میں 24ہزار یونٹ چارج کیے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینیئر شاہد حیدر نے بتایا کہ انسداد بجلی چوری مہم بلا تفریق جاری رہے گی۔ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن