5 دن سے لاپتہ نوجوان کی سوٹ کیس بند نعش خالہ کے گھر سے برآمد
لاہور (نامہ نگار) پانچ روز قبل تاوان کے لئے اغواء ہونے والے 25 سالہ نوجوان ثاقب شفقت کی گھر میں سوٹ کیس میں بند مسخ شدہ لاش مل گئی ہے۔ نوجوان کو خالہ کے بیٹے اسامہ نے قتل کرنے کے بعد نعش سوٹ کیس میں چھپا دی تھی۔ تفصیلات کے مطابق شمالی چھاؤنی کے علاقے الطاف کالونی کا رہائشی 25سالہ ثاقب شفقت 29نومبر کو پراسرار طور پر لاپتہ ہو گیا تھا۔ پولیس نے نوجوان کے لاپتہ ہونے پر اس کے بھائی عاصم کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف اغواء کا مقدمہ درج کیا تھا، تاہم مغوی کو بازیاب نہیں کروایا جا سکا۔گزشتہ روز پولیس نے اسامہ نامی نوجوان کی نشاندہی پر ثاقب شفقت کی اس کے گھر میں سوٹ میں بند مسخ شدہ نعش برآمد کر لی اور ملزم اسامہ کو گرفتارکر کے تفتیش شروع کر دی۔ ملزم کے مطابق اس نے جھگڑا ہونے پر گھر میں ثاقب شفقت کو دھکا دیا تو وہ سیڑھیوں سے نیچے گر کر جاں بحق ہوگیا تھا۔ مقتول کے بھائی عاصم سمیع نے بتایا کہ چار روز سے بھائی کو تلاش کر رہے تھے، کچھ پتہ نہیں چلا، بھائی کا قتل خالہ کے گھر پر ہوا۔ جو ہمارے گھر سے چند گلیوں کے فاصلہ پر ہے جبکہ بھائی کے اغواء کے بعد بھی خالہ کا بیٹا اسامہ اور اس کی فیملی ہمارے گھر آتی رہی ہے اور ہمیں گمراہ کرنے کے لیے میسجز کے ذریعے 15 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ اور آئس نشہ کے ڈیڑھ کلو کے پیکٹ گم ہونے کے مانگے جاتے رہے۔ پولیس کے مطابق کہ مقتول کی نعش ملزم نے سوٹ کیس میں بند کی ہوئی تھی، ملزم نے پہلے نعش کو ٹھکانے لگانے کی کوشش کی، ناکام ہونے پر ملزم نے خود پولیس کو اطلاع دی جس سے تفتیش جاری ہے۔