چین نے ہمیشہ ترقی پذیر ممالک کے ساتھ قدم سے قدم ملایا ہے: ڈنگ شے شیانگ
دوبئی (اے پی پی)چین کے صدر شی جن پنگ کے خصوصی نمائندے، کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی سٹینڈنگ کمیٹی کے رکن اور ریاستی کونسل کے نائب وزیر اعظم ڈنگ شے شیانگ نے دوبئی میں "جی 77 اور چائنا "کلائمیٹ چینج لیڈرز سمٹ میں شرکت کی اور خطاب بھی کیا۔ چینی میڈیا کے مطابق ڈنگ شے شیانگ نے کہا کہ پیرس معاہدے کے پہلے عالمی جائزہ کے تاریخی موقع پر گروپ آف 77 کے چیئرمن ملک کیوبا نے اس سربراہی اجلاس کی میزبانی کی وکالت کی جو بہت اہمیت کا حامل ہے۔ دنیا کے سب سے بڑے ترقی پذیر ملک کی حیثیت سے چین نے ہمیشہ ترقی پذیر ممالک کی ایک بڑی تعداد کے ساتھ قدم سے قدم ملایا ہے۔ صدر شی جن پنگ اس بات پر زور دیتے ہیں کہ" جی 77 اور چین" ترقی پذیر ممالک کے لئے اہم تعاون پلیٹ فارم ہیں۔ حالیہ برسوں میں، چین نے فعال اور مستقل طور پر کاربن پیک اور کاربن نیوٹرل کے اہداف کو فروغ دیا ہے۔ڈنگ شے شیانگ نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی موسمیاتی گورننس کو بہتر بنانے کے لئے ابھی ایک طویل سفر طے کرنا باقی ہے اور جی 77 اور چین کو اپنی مشترکہ آواز کو مزید بلند کرنا چاہئے اور اپنے مشترکہ حقوق اور مفادات کا تحفظ کرنا چاہئے۔ چین ترقی پذیر ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ سبز اور کم کاربن والے مستقبل کی طرف بڑھنے کے لئے کوشش کی جا سکے۔