• news

سعودی عرب کا تیل کی پیداوار میں کمی کے فیصلے میں توسیع کا اعلان

 ریاض (آئی این پی ) سعودی عرب نے تیل پیداوار میں 10 لاکھ بیرل یومیہ رضاکارانہ طورپر کمی کے فیصلے میں مارچ 2024 تک توسیع کردی  ۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت توانائی کے ایک عہدیدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب تیل پیداوار میں یومیہ 10 لاکھ بیرل کی رضاکارانہ کمی میں جلد توسیع کرے گا۔ ر پورٹ کے مطابق 10 لاکھ بیرل تیل پیداوار میں کمی کے فیصلے پر عمل درآمد جولائی  2023 میں شروع ہوا تھا، اس کا سلسلہ 2024 کی پہلی سہ ماہی کے آخر تک جاری رہے گا۔ سعودی وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ تیل پیداوار میں مذکورہ رضاکارانہ کمی میں توسیع اوپیک پلس میں شریک بعض ممالک کے ساتھ یکجہتی پیدا کرکے کی جائے گی۔ توسیع کے تحت سعودی عرب مارچ 2024 کے آخر تک یومیہ نوے لاکھ بیرل تیل نکالے گا۔ وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ تیل منڈی میں استحکام کی خاطر مبینہ اضافی کمی کی بحالی تدریجی طور پر کی جائے گی اس سلسلے میں منڈی کے حالات کو مدنظر رکھ کر اقدام ہوگا۔ وزارت توانائی کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ تیل پیداور میں اضافی رضاکارانہ کمی تیل منڈی میں استحکام اور توازن کی غرض سے اوپیک پلس ممالک کی جانب سے کی جانے والی احتیاطی تدابیر کی حمایت کے طور پر کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ تیل پیدا کرنے والے ممالک کے گروپ اوپیک پلس کے دیگر ارکان نے بھی قیمتوں میں اضافے کی کوشش میں پیداوار میں مسلسل کمی پر اتفاق کیا۔ تیل کی کٹوتی کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے۔

ای پیپر-دی نیشن