• news

واہگہ بارڈرپریڈ کی کاپی کرنے والے پرائیویٹ بینڈ کی ویڈیو وائرل

 لاہور (آئی این پی ) واہگہ بارڈر پر ہونے والی پریڈ کی کاپی کرنے والے ایک پرائیویٹ بینڈ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل  ہو گئی ۔ فیصل آباد نیوی بینڈ کے واٹر مارک کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں بینڈ گروپ نے پاکستان رینجرز پنجاب کے اس دستے سے مشابہت رکھنے والی یونیفارم پہن رکھی ہے جو ہر شام واہگہ بارڈر پر قومی پرچم اتارے جانے کی تقریب کے موقع پر پریڈ پرفارم کرتا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک جوان رینجرز کی نقل اتارتے ہوئے سلامی دے رہا ہے۔ اس ویڈیو کو طنزیہ اور مزاحیہ تبصروں کے ساتھ شیئر کیا جا رہا ہے۔ دوسری طرف  نجی ٹی وی  کے مطابق پاکستان رینجرز پنجاب کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ یہ ویڈیو کب اور کہاں بنائی گئی ہے جبکہ اس بینڈ گروپ سے متعلق معلومات حاصل کرنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔ واضع رہے کہ ملک بھر میں بڑی تعداد میں ایسے بینڈ گروپ ہیں جنہوں نے اپنے نام پولیس سمیت دیگر دفاعی اداروں کے ناموں پر رکھے ہیں۔ ان میں بعض گروپ ان محکموں کے بینڈ گروپس سے ریٹائرڈ ہونے والے افراد نے بنائے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن