احسن اقبال پر تنقید ٹکٹ کا جھگڑا: رانا ثناء، کسی کی سفارش نہیں کی: دانیال
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پارٹی رہنما دانیال عزیز کی پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال پر تنقید کو الیکشن ٹکٹ کا جھگڑا قرار دے دیا۔ دانیال عزیز نے مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں موجودہ مہنگائی کے ذمہ دار احسن اقبال ہیں کیونکہ وہ ہی پرائس کنٹرول کمیٹی کے سربراہ تھے۔ دانیال عزیز کا کہنا تھا اگر سب کو پتہ تھا کہ ملک میں مہنگائی کی ذمہ دار پی ٹی آئی ہے تو پھر ہم نے ایسا بیانیہ کیوں نہیں بنایا کہ لوگوں کو پتہ چل سکے کہ مہنگائی کی اصل وجہ کیا ہے۔ اس حوالے سے سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا دانیال عزیز کو علاقے کا معاملہ میڈیا پر نہیں لانا چاہیے تھا، اگر کوئی بات تھی تو پارٹی کے اندر کرتے۔ مسلم لیگ ن نے احسن اقبال کے خلاف بیان دینے پر دانیال عزیز کو شوکاز جاری کرتے ہوئے ان سے وضاحت بھی طلب کر رکھی ہے۔ اب لاہور میں ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے بعد رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا اگر مسئلہ مہنگائی تھا تو دانیال عزیز 16 ماہ کی حکومت کے دوران کیوں خاموش رہے؟۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دانیال عزیز کی احسن اقبال پر تنقید کی وجہ انتخابی ٹکٹ کا جھگڑا ہے۔ دانیال عزیز اس حلقے سے اویس قاسم اور احسن اقبال اپنے بیٹے احمد اقبال کو میدان میں اتارنا چاہتے ہیں لیکن ٹکٹ عمر کی بنیاد پر نہیں جیتنے کے امکانات کی بنیاد پر دیا جاتا ہے۔ عمران خان سے متعلق سوال پر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے غرور اور تکبر میں 9 مئی کا ارتکاب کیا، اگر ان کے خلاف کوئی سازش ہوئی ہے تو سازش کرنے والے وہ خود ہیں، جناح ہاؤس میں چھڑی پر وردی لہرانے والا عمران خان کا بھانجا ہے۔ عمران خان کو جیل میں بھی روز دیسی مرغی دی جا رہی ہے، انہیں جیل میں لائبریری اور جم کی سہولت بھی میسر ہے، ایسی سہولیات پر تو خر مستیاں ہی سوجھتی ہیں۔ دریں اثنا دانیال عزیز نے کہا ہے کہ رانا ثناء اﷲ کا احترام کرتا ہوں، میں نے کبھی کسی کی ٹکٹ کیلئے سفارش نہیں کی۔ پارٹی سمجھتی ہے جو جیت سکتا ہے اسے ٹکٹ دیں۔ میرا کوئی اختلاف نہیں۔ اصل مسئلہ ملک میں مہنگائی ہے۔ تو پارٹی کے اندر ان معاملات پر 5 سال سے بات کر رہا ہوں۔ رانا ثناء اﷲ شاید اس بات سے واقف نہیں تھے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے پاکستان کی معیشت کو تباہ و برباد کر دیا۔ میں نے پارٹی میں ہر سطح پر مہنگائی سے متعلق مسئلہ اٹھایا۔