نیب پنڈی کی سب سے بڑی ریکوری، ہاؤسنگ سوسائٹی متاثرین میں 60 کروڑ تقسیم
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) نیب راولپنڈی نے ہاؤسنگ سوسائٹی انتظامیہ سے ساٹھ کروڑ روپے کی رقم برآمد کرکے 450 متاثرین میں تقسیم کر دی۔ متاثرین میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب نیب راولپنڈی آفس ہوئی۔ مہمان خصوصی ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر تھے۔ نیب نے ہاؤسنگ سوسائٹی انتظامیہ سے ساٹھ کروڑ ریکوری کی۔ نیب راولپنڈی کی فراڈ مقدمات میں یہ تاریخ کی سب سے بڑی ریکوری ہے۔ برآمدہ رقم متاثرین کو سکروٹنی کے بعد واپس کی جا رہی ہے۔ ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ نے پلی بار گین کیلئے درخواست دائر کی تھی۔ ملزم نے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا پر غیر قانونی سوسائٹی کی تشہیر کی جبکہ ہاؤسنگ کے این او سی کیلئے اپلائی بھی نہیں کیا تھا۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر نے کہا کہ نیب نے متاثرین کو لوٹی گئی رقم واپس دلوا کر اپنا فرض ادا کیا۔ نیب بلاتخصیص احتساب پر یقین رکھتا ہے۔ پوری توجہ بدعنوانی کیسز پر ہے۔ ڈی جی نیب راولپنڈی مرزا عرفان بیگ نے کہا کہ نیب نے اپنے قیام سے اب تک مجموعی طور پر چھ ارب روپے سے زائد کی ریکوری کی ہے۔ پچاس ہزار سے زائد متاثرین کو ان کی لوٹی گئی رقم واپس دلوائی۔ اس موقع پر متاثرین میں چیک تقسیم کئے گئے۔