4 لاکھ افغان واپس جا چکے‘ حافظ گل بہادر کو حوالے کیا جائے: وزیر اطلاعات بلوچستان
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر اطلاعات جان بلوچستان اچکزئی نے کہا کہ حافظ گل بہادر کو فی الفور پاکستان کے حوالے کیا جائے۔ نگران صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ہر قسم کے مسائل سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، غیر قانونی مقیم تارکین وطن کی واپسی کے فیصلے پر عملدرآمد جاری ہے۔ اب تک 4 لاکھ غیر قانونی تارکین وطن واپس جاچکے، غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کا فیصلہ دونوں ممالک کے حق میں ہے، افغانستان سے ہونے والے دہشتگردی کے واقعات کو دنیا دیکھ رہی ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپنے وطن واپس جانے والوں میں 99 فیصد افغانی اور باقی دیگر ممالک کے لوگ واپس جاچکے ہیں۔ چار لاکھ سے زائد غیرقانونی مقیم افغان واپس جا چکے ہیں۔ ہم باقی غیرقانونی افراد کی جلد از جلد ان کی وطن واپسی چاہتے ہیں۔ ہر ملک کو اپنے آئین اور قانون کے تحت اقدامات اٹھانے کی آزادی ہے۔ افغانستان عالمی سطح پر اپنی ریاست تسلیم کرانے کیلئے اقدامات کرے۔ افغانستان اپنے آپ کو بطور ذمہ دار ریاست پیش کرے۔