ویمنز کرکٹ: پاکستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف پہلی مرتبہ ٹی ٹونٹی سیریز جیت لی
لاہور+اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر+خبر نگار خصوصی) پاکستانی ویمنز نے نیوزی لینڈ کیخلاف پہلی مرتبہ ٹی ٹونٹی سیریز جیت لی۔ قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹی 20 میں 10رنز سے شکست دیکر 3میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کی ہے۔ پاکستانی ویمنز ٹیم نے6وکٹوںپر137رنز بنائے، منیبہ علی نے 35،عالیہ ریاض نے 32 رنز بنائے، بسمہ معروف نے 21، کپتان ندا ڈار نے 14 رنز کی اننگز کھیلی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم7وکٹوں پر127رنزبناسکی ۔ہینا روئے 33، جارجیا پلمر28رنز بناکر نمایاںر ہیں۔ فاطمہ ثنا نے 3، سعدیہ اقبال نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ عالیہ ریاض کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 9 دسمبر کو کھیلا جائیگا۔میچ کی بہترین کھلاڑی عالیہ ریاض نے کہا کہ پہلی بار نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز جیتنے پر بہت خوشی ہے۔ جیت کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے، کسی بڑی ٹیم کو ہرانے کا خواب بالآخر پورا ہوگیا، کافی عرصے سے کوشش میں تھے کہ کسی بڑی ٹیم کو ہرائیں۔ بیٹنگ کے دوران یہی کوشش تھی کہ جو بھی گیند ملے اسے چوکے اور چھکے میں بدل دوں، جو میرا نمبر ہے اس میں کوشش یہی ہوتی ہے کہ تیزی سے رنز بناں اور ٹیم کیلئے کچھ کر سکوں، کوشش ہوگی کہ سیریز کو تین صفر پر ختم کریں۔ اب ہم آگے ہی جائیں گے۔ کپتان ندا ڈار کاکہنا تھا کہ بڑے عرصے سے خواہش تھی کہ بڑی ٹیموں کے خلاف اچھا پرفارم کریں۔ لڑکیاں اب ٹاپ ٹیموں سے اچھا مقابلہ کر رہی ہیں، اب ہم مزید آگے ہی جائیں گے۔ ہماری خواہش ہے کہ ہم نیوزی لینڈ ویمن ٹیم کو وائٹ واش کریں۔نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ میں ٹی ٹونٹی سیریز جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ میں ٹی ٹونٹی سیریز جیتنے والی ایشیائی ویمن کرکٹ ٹیم بن گئی ہے۔پاکستانی خواتین کھلاڑی کسی طرح بھی مردوں سے پیچھے نہیں ہیں، اسی طرح محنت کرتی رہیں تو پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ بھی اپنے نام کر جائیگی۔ پاکستان ویمن کرکٹرز اور ان کے اہلخانہ کو اس کامیابی پر مجھ سمیت پوری قوم کی مبارکباد۔سابق وزیراعظم شہباز شریف نے نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی تاریخ ساز فتح پر ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان کی ویمن کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ میں شاندار کارکردگی دکھائی اور سیریز جیت کر تاریخ رقم کر دی ہے۔انہوں نے کپتان ندا ڈار‘ فاطمہ ثناء اور عالیہ ریاض کو خوب سراہا اور امید ظاہر کی ٹیم شاندار کامیابی کا سلسلہ ون ڈے سیریز میں بھی جاری رکھے گی۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے سیریز جیتنے پر مبارکباد دی اورکہا کہ پاکستان ویمنز ٹیم نے نیوزی لینڈ میں قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ کپتان ندا ڈار نے جس انداز سے ٹیم کی قیادت کی وہ قابل فخر ہے۔ذکا اشرف نے ویمن ٹیم کی واپسی پر خصوصی تقریب کا بھی اعلان کیا۔