صیہونی کارروائیوں کا دائرہ وسیع، ٹینک خان یونس داخل، مزید 65 فلسطینی شہید، 40 گرفتار
غزہ؍ دوحہ؍ نیو یارک (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی جنوبی غزہ میں بھی پھیل گئی۔ آبادیوں اور پناہ گاہوں پر بھی بمباری جاری ہے۔ خان یونس، نصیرات اور بریج کیمپ پر بمباری سے 65 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے۔ اسرائیلی ٹینکوں نے دیر البلح میں فلسطینی ریڈ کراس کی دو ایمبولینسوں کو نشانہ بنایا۔ فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے خان یونس کے شمال مشرق میں فاسفورس بم برسائے۔ اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں جیالیہ کیمپ کا محاصرہ کر لیا اور عالمی ادارہ صحت کو 24 گھنٹوں می جنوبی غزہ میں گودام چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔ غزہ زمینی آپریشن میں مزید 3 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے، تعداد 406 ہو گئی۔ فلسطینی شہداء 16 ہزار کے قریب پہنچ گئے۔ اسرائیلی فوج نے زمینی حملے کا دائرہ بڑھانا شروع کر دیا ہے۔ اسرائیل غزہ میں حماس کی سرنگوں کو سمندری پانی سے بھرنے پر غور کر رہا ہے۔ امریکی اخبار کے مطابق اس اقدام سے سرنگوں میں ہفتوں کے اندر سیلاب آ سکتا ہے۔ 19 سالہ برطانوی شہری بنیامین نیوھم اسرائیلی فوج کی جانب سے لڑتے ہوئے غزہ میں مارا گیا۔ القسام بریگیڈ کے ترجمان نے کہا 24 گھنٹے میں اسرائیلی فوج کی 28 گاڑیاں تباہ کر دیں۔ امریکی سینیٹر برنی سنیڈرز نے جوبائیڈن انتظامیہ کی جانب سے اسرائیل کو 10.1 ارب ڈالر فوجی امداد فراہمی کی تجویز کی مخالفت کر دی۔ انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کی صدر مرجانا سپومجاری ایگر نے کہا غزہ کی صورتحال ناقابل بیان ہے۔ خان یونس کے علاقہ میں اسرائیلی فوج کی پیشقدمی شمال اور مشرقی حصوں میں صلاح الدین چوک تک پھیل چکی ہے۔ صلاح الدین چوک میدان جنگ بن چکا ہے۔ قطری وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن نے کہا خیلج تعاون کونسل غزہ پر ٹھوس، مشترکہ مؤقف اپنانے میں کامیاب رہی۔ جنگ بندی پر توجہ کی جائے۔ اسرائیلی فوج نے خان یونس خالی کرنے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے ٹینک، بکتربند گاڑیاں اور بلڈوزر خان یونس پہنچا دئیے۔ اسرائیلی فورسز نے غزہ کی فائبر روٹس کاٹ دیں جس کے باعث غزہ میں موبائل اور انٹرنیٹ اور لینڈ لائن سروس معطل ہوگئی۔ اسرائیلی حکومت کے ترجمان ایلن لیوی نے بیان میں کہا ہے کہ غزہ کے فوجی آپریشن میں ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 406 ہو گئی۔ جنگی اہداف کے حصول کے پابند ہیں۔ اہداف میں یرغمالیوں کی رہائی اور حماس کا خاتمہ شامل ہے۔ موجودہ فوجی آپریشن سے حماس کی جنگی صلاحیت کا خاتمہ ہو جائے گا اور غزہ پٹی پر کنٹرول بھی ختم ہو جائے گا۔ یرغمالیوں کی رہائی کیلئے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ اسرائیلی فورسز نے جبالیہ کیمپ میں حماس کے اہم ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔ لبنان میں حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر ڈالا ہے۔ ترک صدر رجب طیب اردگان نے دوحہ میں ہونے والی جی سی سی سمٹ سے خطاب میں کہا ہے کہ نیتن یاہو پورے خطے کے مستقبل سے جوا کھیل رہے ہیں۔ اسرائیل نے غزہ میں بچوں اور عورتوں کا قتل عام کیا۔ بین الاقوامی اور جنگی قوانین کی خلاف ورزی کی۔ اسرائیل کو عالمی اور جنگی قوانین کی خلاف ورزی پر سزا دی جائے۔ ترکیہ غزہ میں مستقل جنگ بندی چاہتا ہے۔ غزہ میں انسانی بنیادوں پر امداد پہنچانے کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے۔ جنگ کے ذریعے نیتن یاہو اپنی سیاست بچانا چاہتا ہے۔ دریں اثناء اسرائیل کے آتشیں اسلحہ لائسنسنگ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ اسرائیل ایوشر مستعفی ہو گئے۔ اسرائیلی فوج کے حملوں میں معصوم فلسطینیوں کی شہادت پر سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیوگوتریس نے اظہار تشویش کیا ہے۔ سیکرٹری جنرل یو این نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ میں عام شہریوں کو نشانہ بنانا بند کرے۔ غزہ میں صورتحال تباہ کن ہے۔ حملے بند کئے جائیں۔ اسرائیلی فوج ہیلتھ ورکرز، صحافیوں اور اقوام متحدہ کے اہلکاروں کو تحفظ فراہم کرے۔ غزہ میں ہنگامی بنیادوں پر امداد کی ضرورت ہے۔ غزہ کے لوگوں کو بنیادی سہولیات سے محروم نہ رکھا جائے۔ غزہ میں طبی ادویات، ایندھن اور خوراک وسیع پیمانے پر پہنچائی جائے۔ غزہ میں مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہوں۔ مغربی کنارے میں فلسطینی اسیران کی تنظیم نے اعلامیہ میں کہا ہے کہ منگل کو اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں سے 40 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔ سات اکتوبر سے شروع کشیدگی میں اسرائیلی فورسز 3580 فلسطینیوں کو گرفتار کر چکی ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مغربی کنارے میں سات اکتوبر سے اسرائیلی فورسز اور یہودی آباد کاروں کے حملوں میں اب تک 260 فلسطینی شہید ہوئے۔ غزہ میں اب تک 250 فلسطینی ہیلتھ ورکر شہید ہوئے۔ اسرائیلی شہر عسقلان میں غزہ سے راکٹ فائر کیا گیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق راکٹ حملے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ راکٹ حملے سے عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔ حماس کی القسام بریگیڈز نے دعویٰ کیا ہے کہ مزاحمتی جنگجوؤں نے خان یونس میں اسرائیلی اہلکاروں پر راکٹوں سے حملہ کیا ہے۔ اندازاً 10 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے گزشتہ پانچ ہفتوں کے دوران کی گئی سب سے بڑی زمینی کارروائی ہے اور جاں بحق اور زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ہسپتالوں کو علاج میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اسرائیلی فوج جنگی طیاروں کی فضائی کارروائی کی مدد سے تیزی سے آگے بڑھتی جا رہی ہے اور اس نے غزہ کے جنوب میں واقع شہر خان یونس کا محاصرہ کر لیا ہے۔ اسرائیلی فوج کی جنوبی کمانڈ کے کمانڈر یارون فنکلمین نے دعویٰ کیا کہ زمینی کارروائی کے آغاز کے بعد سے ہم آج سب سے سخت دن کا سامنا کررہے ہیں۔ اسرائیلی فورسز جبالیہ اور شجائیہ میں بھی لڑ رہی ہیں۔ ہم جبالیہ کے قلب میں موجود ہیں، شجائیہ کے قلب میں موجود ہیں اور اب خان یونس کے بھی قلب تک پہنچ چکے ہیں۔ خان یونس کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج اور ٹینک سرحد پر لگی باڑ کو توڑ کر آگے نکل آئے ہیں اور شدید لڑائی جاری ہے۔ اسرائیلی فوج نے حماس سے گزشتہ روز لڑائی میں اپنے مزید دو افسروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔ اسرائیل میڈیا کے مطابق لڑائی میں مارے جانے والوں میں میجر متنان دیماری اور میجر ای الیبیا ہو کوہس شامل ہیں۔ لبنان اسرائیل سرحد پر اسرائیلی حملے میں ایک لبنانی فوجی جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔ لبنانی فوج کے مطابق لبنان اسرائیل سرحد پر اسرائیلی فوج نے حزب اﷲ کے ٹھکانوں پر حملہ کیا تھا۔ عرب میڈیا کے مطابق سات اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں پہلی بار لبنانی فوجی کی ہلاکت ہوئی ہے۔ حوالے سے حزب اﷲ کا کہنا ہے کہ جلیت وردہ میں اسرائیلی فوجیوں کے ایک اجتماع کو مناسب ہتھیاروں سے نشانہ بنایا۔ ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ایک کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔