• news

الیکشن کمشن نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلیت کیخلاف فیصلہ محفوظ کر لیا

اسلام آباد؍ راولپنڈی (نمائندہ نوائے وقت+ وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن چیلنج کر دیئے۔ الیکشن کمیشن میں باقاعدہ درخواست دائر کر دی۔ چیف الیکشن کمشنر کے نام تین صفحات پر مشتمل درخواست میں الیکشن ایکٹ 2017  کے سیکشن 208  کا حوالہ دیا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی الیکشن محض دکھاوا، فریب اور الیکشن کمیشن کو دھوکہ دینے کی ناکام کوشش تھی، فراڈ انتخابی عمل نے پی ٹی آئی ارکان کو ووٹ دینے اور انتخاب میں حصہ لینے کے حق سے محروم کر دیا، پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات الیکشن ایکٹ 217  کے سیکشن 208  اور ذیلی شق 2  کی خلاف ورزی ہے۔ اکبر ایس بابر نے درخواست کے ہمراہ ویڈیو فوٹیج اور دیگر شواہد بھی الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیئے۔ درخواست میں کہا ہے کہ 30 نومبر 2023 ء کو پی ٹی آئی کور کمیٹی کی پریس ریلیز میں 2 دسمبر کو انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا اعلان کیا گیا، نیاز اللہ نیازی کو چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا، وفاقی سطح پر کمیشن کے کسی اور عہدیدار کا نام نہیں بتایا گیا۔ بانی رکن پی ٹی آئی نے درخواست میں کہا کہ الیکشن قواعد وضوابط، شیڈول، کاغذات نامزدگی کا وقت اور طریقہ کار کا نہیں بتایا گیا، کاغذات کی وصولی اور مسترد کرنے کی تاریخ، اپیلوں کی سماعت کے بارے میں بھی کچھ نہیں بتایا گیا، 2 دسمبر تک انتخابات کے بارے میں کسی قسم کی معلومات پی ٹی آئی ویب سائٹ پر دستیاب نہیں تھیں۔ اکبر بابر نے درخواست میں استدعا کی کہ سیاسی جماعتوں میں جعلی انٹرا پارٹی الیکشن کے عمل کو ختم کیا جائے، تمام بڑی سیاسی جماعتوں کو انتخابی قوانین اور ضابطوں کا پابند بنایا جائے، شفاف انٹرا پارٹی الیکشن کرانے تک پی ٹی آئی کو انتخابی نشان بلا استعمال کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نااہلیت سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے سابق چیئرمین تحریک انصاف کو پارٹی عہدے سے ہٹانے سے متعلق کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں عمران خان کے وکیل شعیب شاہین الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی چیئرمین کے انتخاب سے متعلق ریکارڈ مانگ لیا اور سابق چیئرمین کی نااہلی سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ریکارڈ کی روشنی میں سابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی نااہلی سے متعلق فیصلہ سنایا جائے گا۔ علاوہ ازیں سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی۔ خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کے رخصت پر ہونے کے باعث سماعت نہ ہو سکی۔ علاوہ ازیں  بانی پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمشن سے نااہلی فیصلے کے خلاف اپیل واپس لینے کی درخواست دائر کر دی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ اپیل واپس لینے کی درخواست پر آج محفوظ فیصلہ سنائے گی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق محفوظ فیصلہ سنائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن