پرویز الٰہی کیس، ہائیکورٹ نے پولیس افسروں کیخلاف توہین کی درخواست نمٹا دی
لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر احمد نے پرویز الٰہی کو گھر بحفاظت نہ پہنچانے کے خلاف ڈی آئی جی آپریشن اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔ تحریری فیصلہ میں عدالت نے کہا دونوں پولیس افسران نے توہین عدالت کی درخواست پر غیر مشروط معافی مانگی۔ مستقبل میں دونوں افسران نے احتیاط کرنے کی یقین دہانی کروائی، عدالت کو مزید کارروائی کی ضرورت نظر نہیں آتی، توہین عدالت میں سزا دینے کا اختیار ایک غیر معمولی طاقت ہے۔ جہاں ضروری ہو اس کا استعمال انتہائی احتیاط کے ساتھ کیا جا سکتا ہے۔ توہین کا مقصد انتقام لینا نہیں ہے۔ اسلام میں معاف کرنے کا ذکر بھی ہے۔ پولیس افسر کے مطابق عدالتی حکم کے بعد گھر کے قریب اسلام آباد پولیس نے پرویز الہی کو گرفتار کیا ، پولیس افسران کے مطابق اسلام آباد پولیس کے پاس جوڈیشل مجسٹریٹ گرفتاری کا حکم موجود تھا۔ گرفتاری کے بعد دونوں افسران نے رجسٹرار ہائیکورٹ کو گرفتاری سے متعلق آگاہ کیا۔