8 فروری کو عوامی ووٹوں سے تحریک انصاف کی فتح ہوگی: عمر ایوب
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) رہنما تحریک انصاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ میرے قائد عمران خان نے مجھے پارٹی کے سیکرٹری جنرل کے عہدے پر نامزد کیا اور مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا جو میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ عمر ایوب نے کہا کہ تاریخ ان لوگوں کو ضرور یاد رکھے گی جو 'حقیقی آزادی' اور 'قانون کی حکمرانی' کے لیے کھڑے ہوئے، لاتعداد مردوں اور خواتین نے پاکستان کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں اور اب بھی ناقابل تصور کریک ڈائون برداشت کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی صرف ایک 'لیول پلیئنگ فیلڈ' اور آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا مطالبہ کرتی ہے جس کی ضمانت پاکستان کا آئین دیتا ہے۔ عمر ایوب نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک ایسی قوت ہے جو پاکستانی عوام کے دل و دماغ میں بسی ہوئی اور یہ8 فروری 2024 ء کو واضح ہو جائے گا۔8 فروری کو پاکستان کے عوام کی فتح ہوگی اور تحریک انصاف کی فتح ہو گی۔