بجلی چوری: مزید 41گرفتار، پنجاب خیبر پی کے، اسلام آباد میں 174گیس کنکشن منقطع
مصطفیٰ آباد‘ فیصل آباد‘ لاہور (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ نیوز ایجنسیاں) فیسکو ٹیموں نے گزشتہ روز دوران چیکنگ مزید 29بجلی چوروں کو پکڑ لیا۔ جن کو ایک لاکھ سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 24لاکھ 59ہزار سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ تمام بجلی چوروں کے میٹر اتار کر ان کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کی درخواستیں دائر کر دی گئی ہیں۔ فیسکو ریجن میں بجلی چوری کے خلاف جاری خصوصی مہم میں 88روز کے دوران مجموعی طورپر 4391 بجلی چوروں کو ایک کروڑ 13لاکھ سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 52کروڑ سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ بجلی چوری میں 4133گھریلو، 132کمرشل، 116زرعی اور 10انڈسٹریل کنکشن ملوث پائے گئے ہیں۔ فیسکو ریجن سے کل 3648بجلی چوروں کو گرفتار جبکہ مجموعی طورپر 4181 کے خلاف مقدمات کا اندراج کروا دیا گیا ہے۔ فیسکو نے بجلی چوروں سے 34کروڑ سے زائد کی ریکور ی بھی کرلی ہے۔ علاوہ ازیں نادہندگان سے ریکوری کی خصوصی مہم کے دوران ٹیموں نے رننگ ڈیفالٹرز سے ایک کروڑ 22لاکھ سے زائد جبکہ مستقل نادہندگان سے 85لاکھ سے زائد کی ریکوری بھی کرلی ہے۔ ضلع فیصل آباد میں اب تک 1398 بجلی چوروں کو 36 لاکھ سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 16کروڑ 41لاکھ سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 305 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، تمام بجلی چوروں کے خلاف ایف آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائر کی گئیں جس میں سے149 درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ12 ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 14 کمرشل، 2زرعی اور 290 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو 287,835 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت11,379,439 روپے ہے۔ سوئی ناردرن کے تحت پنجاب، خیبر پی کے اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گیس چوری کے خلاف جاری کریک ڈائون کے دوران مزید174 گیس کنکشن منقطع کردیئے، 329انڈر بلنگ کیسز اندراج / پروسیس کی گئی جبکہ 60لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے۔ ڈیفالٹر لاکھوں روپے کی بجلی چوری کرنے والے تین افراد کے خلاف مقدمہ درج، ملزمان کے میٹر عدم ادائیگی کی وجہ سے کٹ چکے تھے اور واپڈا کی مین کیبل سے ڈائریکٹ بجلی چوری کر رہے تھے۔ ایس ڈی او سب ڈویژن مصطفی آباد چوہدری آفتاب کی مدعیت میں مقدمات درج، تفصیلات کے مطابق سب ڈویژن مصطفی آباد کی چیکنگ ٹیم نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر واپڈا کے ڈیفالٹر بجلی چوری میں ملوث تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کروا دئیے، نیواں تھہ میں عمران مسیح 12678کا ڈیفالٹر 35781روپے کی بجلی چوری کر چکا تھا، مصطفی آباد کے رہائشی محمد جاوید جو کہ 23295 روپے کا ڈیفالٹر 41890روپے کی بجلی چوری کر چکا تھا ، شکیل احمد محکمہ کا ایک لاکھ 31743 روپے کا ڈیفالٹر 38870روپے کی بجلی چوری کر چکا تھا ، ایس ڈی او سب ڈویژن مصطفی آباد چوہدری آفتاب کی مدعیت میں مقدمات درج کرا دئیے۔