• news

عوام خاندانوں کی سیاست الیکشن بوتھ میں دفن کردیں: سراج الحق

لاہور ( خصوصی نامہ نگار )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سابقہ حکمران جماعتوں کا گھسا پٹا بیانیہ پٹ چکا، اب ان کے پاس عوام کو بیچنے کے لیے کوئی چورن نہیں، سالہا سال تک اقتدا ر کے مزے لینی والی پارٹیاں ماضی کے نعروں کو دہرانے کی بجائے قوم کو ماضی کی کارکردگی بتائیں، یہ سب ملک کے مسائل کی ذمہ دار ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری کی وجہ وسائل کی کمی نہیں‘ عوام خاندانوں کی سیاست الیکشن بوتھ میں دفن کردیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے واڑی دیربالا میں ملک بہرام خان کے حجرے پرمعززین علاقہ اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ خیبر پی کے میں بدامنی اور غربت کی وجہ سابقہ حکومتیں ہیں، صوبے کے عوام امن ترقی کے لیے 8فروری کو ترازو پر مہر لگائیں۔جماعت اسلامی کے پی میں نوجوانوں کی آواز ہے۔ اقتدار میں آکر صوبے کے وسائل، پانی، معدنیات کو خیبر پی کے کی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے، سی پیک میں کے پی کو اس کا حصہ ملے گا۔ امن اور انصاف کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا ہے۔ کرپشن نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کردیں‘ ن لیگ، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے ادوار میں ملک کا ایک مسئلہ بھی حل نہیں ہوا،عام آدمی تھانہ کچہری سے لے کر ہسپتالوں تک خوار ہوتا ہے، تعلیم مہنگی اوراس کا سرکاری انفراسٹرکچر تباہ حال ہے، لوگوں کو صاف پانی تک دستیاب نہیں، آلودہ پانی پینے سے ہر پانچواں چھٹا شخص مختلف جان لیواامراض کا شکار ہے۔

ای پیپر-دی نیشن