• news

سموگ کا ذمہ دار بھارت، خاتمے کیلئے مشترکہ کوشش کی ضرورت: محسن نقوی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے دوبئی میں  اقوام متحدہ کی ماحولیاتی تبدیلی کی 28ویں سالانہ کانفرنس (کوپ28) میں شرکت کی اور پاکستان خصوصاً پنجاب میں ماحولیاتی تغیرات وسموگ سے متعلق حکومتی اقدامات پر کلیدی خطاب کیا۔ پاکستان خصوصاً پنجاب کا سموگ کے حوالے سے مقدمہ بھرپور اور مدلل انداز میں پیش کیا۔ محسن نقوی نے  پاکستان خصوصاً پنجاب میں سموگ کا ذمہ دار انڈیا کو قرار دے دیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ اقوام عالم سموگ کے خطرناک مسئلے کے حل کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالیں اور بات چیت کے ذریعے حل تلاش کیا جائے۔ بھارتی پنجاب میں فصلوں کو بڑے پیمانے پر جلانے کے باعث پاکستانی پنجاب سموگ سے بری طرح متاثر ہے۔ موسمیاتی تغیرات سرحدوں سے بے نیاز عالمی مسئلہ ہے، حل کے لئے مشترکہ عالمی کاوشوں کی ضرورت ہے۔ سموگ کی وجہ سے پیدا ہونے والی بدترین صورتحال سے انڈیا اور پاکستان مساوی طور پر متاثر ہورہے ہیں۔ سموگ کے خاتمے کے لئے انڈیا اور پاکستان کو مشترکہ کوشش کی ضرورت ہے۔ موسمیاتی تغیرات کے خطرناک ترین نتائج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے 2022میں بدترین سیلاب کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ پنجاب میں گرین ٹیکنالوجی رائج کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ محسن نقوی نے پاکستانی پویلین کا دورہ کیا۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے مختلف ممالک کے مندوبین کے ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں کے اہم موضوع پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے صوبہ پنجاب کی موثر حکمت عملی پر روشنی ڈالی۔  محسن نقوی نے مزار بی بی پاکدامن کا دورہ کیا اور مزار کی تزئین وآرائش وتوسیعی منصوبے کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے مزار بی بی پاکدامن کے اندر معیاری لائٹس لگانے کی ہدایت کی اور کہا کہ دیے جلانے اور چراغاں کے لئے علیحدہ جگہ مختص کی جائے۔  چولستان کے بے زمین کاشتکاروں کے لئے  محسن نقوی کی ہدایت پر 45 سال سے کاشتکاروں کو اراضی کی الاٹمنٹ کا رکا ہوا کام چند ماہ میں مکمل کرلیا گیا اور 27 ہزار کاشتکاروں کو 3لاکھ 44 ہزار ایکڑ اراضی شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے الاٹ کر دی گئی ہے۔ چولستان کے کاشتکاروں کو اراضی کی الاٹمنٹ کے لئے وزیر اعلیٰ آفس میں کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چولستان کے کاشتکاروں کو اراضی کی الاٹمنٹ کیلئے بٹن دبا کر کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کا آغاز کیا۔  انہوں نے کہا  27ہزار کاشتکاروں کو ساڑھے 12ایکڑ فی کس اراضی 5سال کی لیز پر دی جائے گی۔   محسن نقوی نے کہا ہے کہ تشدد کا نشانہ بننے والی بچی رضوانہ کی مکمل صحت یابی پر دلی خوشی ہوئی ہے۔  

ای پیپر-دی نیشن