• news

گیس اور بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ

نیپرا کی طرف سے بجلی  تین روپے آٹھ پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بجلی اکتوبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی ہے۔دوسری طرف اوگرا کی طرف سے گیس کی قیمتوں میں 137 فیصد اضافے کی درخواست کی گئی ہے ۔یہ اضافہ یکم جولائی 2023ء سے مانگا گیا ہے۔
جس صارف کو گیس کا ایک سو روپیہ بل آتا تھا اسے اب اوگرا کی مہربانی سے 237 روپے ادا کرنا پڑیں گے۔ جس کو ایک ہزار روپیہ بل آتا تھا  اسے دو ہزار سے زیادہ کی ادائیگی کرنا پڑے گی۔ اس سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ گیس کے صارفین کی زندگی کس طرح سے مزید اجیرن ہو جائے گی اور یہ بل جولائی سے ڈالے جائیں گے۔  صارفین گزشتہ پانچ ماہ میں جو گیس استعمال کر چکے ہیں ۔ان میں یک مشت اضافہ کر کے ان کوبل  بھیجے جائیں گے۔ کتنے کتنے بڑے بڑے بل ہوں گے اور ایسے اضافے کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ مالی سال 2023 اور 24 میں 181 ارب 51 کروڑ روپے کا خسارہ تھا اس کو پورا کرنے کے لیے عوام پر یہ کلہاڑا چلایا جا رہا ہے۔ بجلی کی قیمت میں تین روپے آٹھ پیسے اضافے سے بھی عوام مزید پریشان ہوں گے ۔بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا جس طرح سے بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، آئندہ ہو سکتا ہے کہ بہت سے لوگ ویسے ہی لائف لائن صارفین میں شامل ہو جائیں ۔گو کہ آج نگران حکومت یہ فیصلے کر رہی ہے ۔انہوں نے عوام سے ووٹ نہیں لینے ہوتے لیکن یہ عوام کا حصہ تو ہیں۔ اگر عوام کو کوئی ریلیف نہیں دے سکتے تو ان کی تکلیف میں تو اضافہ نہ کریں لہذا ضروری ہے کہ حکومتی امور چلانے کے لیے کوئی دیگر اقدامات اُٹھائے جائیں سارا بوجھ بجلی اور گیس کے صافین پر نہ ڈالا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن