بیلٹ پیپرز کے نمونے منظور،26کروڑ چھاپے جائیں گے،شفاف انتخابات کیلئے تیار، چیف الیکشن کمشنر
اسلام آباد (وقائع نگار +نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) الیکشن کمشن نے عام انتخابات کیلئے بیلٹ پیپر کے نمونے کی منظوری دیدی۔ بیلٹ پیپر پر امیدواروں کے نام حروف تہجی کی بنیاد پر ہوں گے۔ آئندہ عام انتخابات میں 26 کروڑ کے قریب بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے۔ دوسری طرف چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ شفاف اور پرامن انتخابات کیلئے پوری طرح تیار اور پر عزم ہیں۔ قومی ووٹرز ڈے پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنی تمام آئینی اور قانونی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔ الیکشن کمیشن آپ کو یقین دلاتا ہے کہ الیکشن کے دوران آپ کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ عوام الناس سے اپیل ہے کہ وہ ملک و قوم کے روشن مستقبل کے لیے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔ الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کریں اور پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو یاد رکھنا چاہیے کہ آپ کے ہاتھوں میں ووٹ کی طاقت ہے، اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کو سامنے رکھ کر اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ انتخابات کے سلسلے میں بے بنیاد خبروں اور افواہوں پر یقین نہ کریں۔ حتمی انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ و ترسیل کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ الیکشن کمیشن چند دنوں میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ افسران کا نوٹیفکیشن جاری کرنے جا رہا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے اپنے پیغام کے آخر میں کہا ہے کہ چند روز میں الیکشن شیڈول دے دیا جائے گا۔