وزیر اعظم ڈی جی ٹریڈ آرگنائز کے متعصبانہ رویے کاروبار مخالف اقدامات کا نوٹس لیں:انجم نثار
لاہور(کامرس رپورٹر)بزنس مین پینل کے چیئرمین میاں انجم نثار نے کہا ہے کہ پاکستان کی کاروباری، صنعتی اور تاجر برادری کاوزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ سے مطالبہ ہے کہ ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائز کے متعصبانہ رویے اورکاروبار مخالف اقدامات اور فیصلوں کا نوٹس لیں۔ ڈی جی ٹی او کی جانب سے ایف پی سی سی آئی کے 2024-25 کے انتخابات سے متعلق اعتراضات کے حوالے سے جاری کیے گئے فیصلے انتہائی متعصبانہ ہیں جس کا مقصد قوانین کے برعکس ایک خاص گروپ کی حمایت کرنا ہے۔انہوںنے کہا کہ ڈی جی ٹی او واضح طور پر 2 نگران وزرا ء کے زیر اثر ہیںجو اختیارات کے غلط استعمال کے مترادف ہے۔ ہمارا الیکشن کمیشن آف پاکستان سے بھی مطالبہ ہے اس کا نوٹس لیا جائے۔ میاں انجم نثار نے اس بات پر بھی مایوسی کا اظہار کیا کہ ڈی جی ٹی او کے اقدامات سے سرمایہ کاروں کیلئے ملک میں سازگار اور دوستانہ ماحول پیدا کرنے کی کوششوں کو خطرہ لاحق ہو جائے گا۔ غیر ضروری مداخلت کی وجہ سے کاروباری ماحول خراب ہونے پر سرمایہ کار تذبذب کی صورتحال کا شکار ہو جائیں گے۔