• news

پراجیکٹس کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے: محسن نقوی

گوجرانوالہ؍ لاہور (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے  گوجرانوالہ ایکسپریس وے کا تفصیلی دورہ کیا اور لاہور، سیالکوٹ موٹروے کے ساتھ گوجرانوالہ کو لنک کرنے کے لئے زیر تعمیر دو رویہ سڑک کے پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی اور جی ٹی روڈ پر ایک فلائی اوور پراجیکٹ کا اعلان کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ چن دا قلعہ کو بھی ری ڈیزائن کیا جائے گا۔ اگلے ماہ تک یہ منصوبہ انشاء  اللہ 100 فی صد مکمل کر لیا جائے گا۔ وزیراعلی نے کہا کہ گوجرانوالہ ایکسپریس وے جدید سفری سہولیات کے حوالے سے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ گوجرانوالہ سے لاہور کا سفر 45 منٹ میں طے ہو سکے گا۔ ایف ڈبلیو او کے کرنل جمال نے وزیر اعلیٰ کو پراجیکٹ پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ کمشنر گوجرانوالہ اور سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے بھی منصوبے سے متعلق امور کے بارے بریف کیا۔ سفاری زو پارک سنگاپور کے سفاری پارک کی طرز پر اپ گریڈ ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے  سفاری زو پارک کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سفاری پارک کا دورہ کیا اور اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے تحت کاموں کا جائزہ لیا۔ شیر گھر، جھیل، ہرن اور دیگر جانوروں کے پنجروں کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے بوٹ میں بیٹھ کر جھیل کی سیر کی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے جھیل کے پانی کو صاف کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ جھیل کے اطراف بچوں اور شہریوں کی دلچسپی کے لیے مزید تفریحی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ سفاری پارک میں نئے جانور لائے جائیں گے۔ سفاری پارک میں ہاتھی،گینڈا، زرافہ، زیبرا، شتر مرغ اور ہرن کی مختلف اقسام کا اضافہ کیا جائے گا، پانڈا لانے کے لئے چین کی حکومت سے رابطے میں ہیں۔ جانوروں کے لئے عالمی معیار کے پنجرے بنائے جائیں گے۔ سفاری پارک میں افریقن زون، ڈیزٹ اور سالٹ رینج بنائے جائیں گے، نائٹ سفاری شروع کی جائے گی۔ شہری سفاری پارک میں خصوصی بنائے گئے HUTمیں قیام بھی کر سکیں گے۔ سفاری پارک میں ای ٹکٹنگ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔ دریں اثناء وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے  محکمہ تعمیرات ومواصلات کا دورہ کیا اور پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار کسی بھی وزیراعلیٰ نے محکمہ تعمیرات و مواصلات میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی، جس میں صوبے کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے محکمہ تعمیرات و مواصلات کے مختلف شعبے دیکھے اور عمارت کی تعمیر و بحالی کے کام کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے قدیم عمارت کو اصل حالت میں بحال کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ 1908 میں تعمیر کردہ عمارت کی تاریخی حیثیت کو برقرار رکھا جائے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ڈویلپمنٹ پراجیکٹس میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنا یا جائے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے رات گئے دوحہ سے لاہور واپس پہنچتے ہی گھوڑا چوک فلائی اوور منصوبے کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے گھوڑا چوک فلائی اوور منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا اور پراجیکٹ پرہونے والی پیشرفت کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے پراجیکٹ کے فنشنگ ورک کا مشاہدہ کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ گھوڑا چوک فلائی اوور منصوبے کا فنشنگ ورک جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ سنٹر پوائنٹ گلبرگ سے گھوڑا چوک ڈیفنس موڑ تک سگنل فری کوریڈور مکمل ہو سکے۔وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی شاہدرہ آمد،امامیہ کالونی برج پراجیکٹ کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ کا پراجیکٹ کی تکمیل میں ممکنہ تاخیر پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ برج کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ  وزیراعظم پراجیکٹ کی 15دسمبر کو تکمیل کا اعلان کرچکے تھے، تاخیر قابل تشویش ہے۔  محسن نے کہا کہ گھوڑا چوک پراجیکٹ بروقت مکمل ہوجائے گا۔ انکا کہنا تھا سموگ کی وجہ سے فضائی آلودگی تشویشناک ہے۔  بولے اگلا ہفتہ مشکل ہوگا، بچوں کے پیپرز کی وجہ سے سکول بھی بند نہیں کرسکتے۔ ہفتے کو تعلیمی اداروں کی روٹین برقرار رہے گی۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ پاکستان ٹیک آف کرنے کی پوزیشن میں آچکا ہے۔ علاوہ ازیں تھانہ شمالی چھاونی کی حدود میں ایک لان میں شادی کی تقریب رات سوا دس بجے کے بعد بھی جاری تھی۔ وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے وہاں سے گزرتے ہوئے خلاف ورزی کا فوری نوٹس لیا اور ایس ایچ او تھانہ شمالی چھاونی تبدیل کرنے کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے  شادی تقریبات میں ون ڈش اور وقت کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا حکم  دیا۔ و زیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ قانون کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن